ہسپتالوں کی استعداد میں تین گنا اضافہ،نظام صحت بہتر طریقے سے کام کر رہا ہے:تیمور جھگڑا

ہسپتالوں کی استعداد میں تین گنا اضافہ،نظام صحت بہتر طریقے سے کام کر رہا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف عزم و حوصلے کے ساتھ برسرِ پیکار ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکس سمیت تمام فرنٹ لائن ورکرز خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں کی استعداد میں تین گنا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اس وباء کے دوران تاحال نظام صحت بہتر طریقے سے کام کر رہا ہے۔ بستروں اور وینٹی لیٹرز سمیت ٹیسٹوں کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت و خزانہ نے ان خیالات کا اظہار کورونا وباء کے خلاف عزم و ہمت کا مظاہرہ کرنے کے 100 دن مکمل ہونے پر پشاور کے تین بڑے ہسپتالوں لیڈی ریڈنگ، خیبر ٹیچنگ ہسپتال، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور پبلک ہیلتھ لیبارٹری خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے دورہ کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے بڑے ہسپتالوں میں صرف 50 فیصد بستر کورونا مریضوں کے زیر استعمال ہیں جو کہ یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ہمارے صحت کے نظام پر ویسا بوجھ نہیں پڑا جیسے چند بڑے ترقی یافتہ ملکوں میں دیکھنے میں آیا۔ تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ جون میں سرکاری ہسپتالوں میں موجود آئی سی یوز بستروں کی تعداد 120 سے بڑھا کر 175 کی ہے جبکہ جولائی کے آخر تک ان کی تعداد 330 ہو جائے گی۔ اسی طرح آکسیجن کی سہولت سے آراستہ بستروں کی تعداد جون میں 485 سے بڑھا کر 712 کی جبکہ اگلے ماہ ان بیڈز کی تعداد 1540 ہو جائے گی۔ تیمور جھگڑا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ 30 سے 45 دنوں میں سرکاری ہسپتالوں میں آئی سی یو اور ایچ ڈی یو بستروں کی تعداد 2 ہزار تک بڑھا دیں گے۔ این ڈی ایم اے کے تعاون سے پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو بھی اسی سال کورونا مریضوں کے لیے فعال کیا جائے گا۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے مشکل حالات میں پاک فوج نے سب سے زیادہ تعاون کیا۔ کورونا کیسز کے حوالے سے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران نئے کیسز میں کمی آئی لیکن اس کی وجہ لوگوں کا ٹیسٹ نہ کرانا ہے تاہم ہمیں عید اور محرم پر خصوصی توجہ دینا ہوگی اور کیسز کو بڑھنے سے روکنے کے لیے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت 22 اضلاع میں ریپڈ رسپانس ٹیمیں گھر گھر جا کر ٹیسٹ کے نمونے لے رہی ہیں۔ صوبے کے شہری 1700 پر کال کر کے یہ سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔ تیمور جھگڑا نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ اگلے ہفتے سے صوبے کے تمام بڑے ہسپتالوں کا دورہ کریں گے اور صحت سہولیات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ہیلتھ ورکرز کا حوصلہ بھی بڑھائیں گے۔ کورونا ٹیسٹوں کے حوالے سے صوبائی وزیر نے کہا کہ پبلک ہیلتھ لیبارٹری خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے 20 ٹیسٹ روزانہ سے آغاز کیا اور اب اس لیب میں 1500 ٹیسٹ روزانہ ہو رہے ہیں جس پر کے ایم یو کی پوری ٹیم لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں اب ٹیسٹنگ کی استعداد زیادہ ہے لیکن ڈیمانڈ کم ہو گئی ہے۔ قبل ازیں کورونا کے خلاف پاکستانی عوام کے عزم و حوصلہ کے 100 دن مکمل ہونے پر وزیر صحت و خزانہ تیمور جھگڑا نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال، خیبر ٹیچنگ ہسپتال اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کیا اور وہاں مختلف وارڈز کا معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ ہسپتال انتظامیہ، ڈاکٹرز اور معاون طبی عملے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس وباء کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طبی عملے اور دیگر ورکرز میں توصیفی اسناد اور شیلڈز تقسیم کیں۔ وزیر صحت نے ایم ٹی آئی ہسپتالوں کی انتظامیہ کو کورونا مریضوں کے بہترین علاج معالجے اور نگہداشت پر سراہا اور محکمہ صحت کی جانب سے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا

مزید :

صفحہ اول -