آزاد عدلیہ جمہوریت کی بنیاد ہے،وکلاء کی قربانیوں سے انکار ممکن نہیں:اسفند یار ولی

آزاد عدلیہ جمہوریت کی بنیاد ہے،وکلاء کی قربانیوں سے انکار ممکن نہیں:اسفند ...

  

پشاور(سٹی رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان اور صوبائی صدر ایمل ولی خان نے پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن میں کامیابی پر ملگری وکیلان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف ملگری وکیلان ہی نہیں بلکہ پوری پشتون قوم اور باچاخان کے پیروکاروں کی جیت ہے۔ باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے امید ظاہر کی کہ نئی منتخب کابینہ دیگر وکلاء کے ساتھ مل کر مزید جذبے کے ساتھ کام کرے گی۔ نئے منتخب صدر خالد انور آفریدی، ملگری وکیلان کے رہنماؤں اور تمام وکلاء کی محنت رنگ لائی ہے۔ بنچ و بار کے تقدس کو قائم رکھنے اور آزاد عدلیہ کیلئے کوششیں ہرفورم پر جاری رہے گی۔ اے این پی سربراہ کا کہنا تھا کہ آزاد عدلیہ جمہوریت کی بنیاد ہے اور وکلاء کی جمہوریت کیلئے قربانیوں سے انکار ممکن نہیں۔ اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ آج ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ اس مٹی کے حقیقی وارث دراصل باچاخان کے پیروکار ہی ہیں۔ باچاخان کے پیروکاروں نے عدم تشدد کے فلسفے کے ذریعے ہر وقت اس مٹی کا دفاع کیا ہے۔ ملگری وکیلان کی جیت دراصل باچاخان کے فلسفے اور نظریے کی جیت ہے۔ ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کے خلاف کسی بھی مہم یا ساز ش کے خلاف ملگری وکیلان اور اے این پی شانہ بشانہ ہوں گے اور امید ظاہر کی کہ نئی منتخب کابینہ صوبے کے عوام کے حقوق کی جنگ مزید جذبے کے ساتھ لڑے گی۔

مزید :

صفحہ اول -