سمارٹ لاک ڈاؤن مثبت،نتائج بہترین،این سی او سی کی کارکردگی نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا:وزیر اعظم

  سمارٹ لاک ڈاؤن مثبت،نتائج بہترین،این سی او سی کی کارکردگی نے قوم کا سر فخر ...

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ ملک میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے بہترین نتائج مل رہے ہیں۔تفصیلا ت کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ہفتہ کو نیشنل کمانڈاینڈ آپریشن کے قیام کے سو روز پورے ہونے پر اس کا دورہ کیا،وزیر اعظم کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں کورونا کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء، معاونین خصوصی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت اعلیٰ عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) اور محکمہ صحت کے حکام نے کورونا کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیراعظم کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی 100 روزہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔وزیراعظم کو ملک میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے نتائج پر بھی بریفنگ دی گئی، جس پر ان کا کہنا تھا سمارٹ لاک ڈاؤن کے بہترین نتائج موصول ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی کارکردگی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ این سی او سی کو اس وقت بنایاگیا جب قوم کو مشکل وقت میں رہنمائی درکار تھی،این سی او سی نے مشکل وقت میں قوم کی رہنمائی کی اور اپنی اہمیت کوثابت کیا۔اجلاس میں صوبوں نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے نمائندگی کی۔وزیر اعظم کو کورونا وائر س کی موجودہ صورتحال اور اسکے پھیلاؤ کے حوالے سے تفصیلی بریف کیا گیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسدعمراوراین سی اوسی حکام وزیراعظم کوبریفنگ دی۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ کس طرح طے پاکستان کی سمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی نتیجہ خیز ثابت ہوئی ہے جس سے وباء پر قابو پانے کیساتھ ساتھ غریب او رپسماندہ طبقے کے مسائل حل کرنے میں مدد ملی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ آئی ایم ایف کے عالمی اقتصادی منظرنامہ میں پاکستان 30ممالک کے گروپ کی درجہ بندی میں منفی 0.4سے 1.1تک پہنچ گیا ہے۔19جولائی تا 20 مئی خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستانی بر آمدات زیادہ بہتری رہی ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سنٹر نے قوم کا سرفخر سے بلند کردیا۔وزیراعظم نے ایس او پیز کے بعد نئی صورتحال میں خود ڈھالنے اور ایک قوم بن کر چیلنج کا مقابلہ کرنے پر عوام کی تعریف کی۔انہوں نے کورونا وائرس کیخلاف فرنٹ لائن پر لڑنیوالے ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل سٹاف،ایمرجنسی ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وائرس کے پھیلاؤ میں کمی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں اورکہا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کرانے اور عوام میں کورونا وائرس کے حوالے سے آگاہی پیدا کیلئے تمام ضروری انتظامی اقدامات بروئے کار لائے جائیں تاکہ خاص طور پر عیدالاضحی کے دوران وباء کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ وزیر اعظم نے آزادکشمیر،گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں میں ہیلتھ کئیر ورکرز،ایمرجنسی ورکرز اور انتظامی ٹیموں کے کردار اور خدمات کا بھی اعتراف کیا اور انہیں سراہا۔

وزیراعظم

مزید :

صفحہ اول -