کراچی میں آج رات گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری

  کراچی میں آج رات گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ موسمیات نے کراچی میں اتوار کی رات گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کردیا ہے، جس میں کہا ہے کہ اربن فلڈ کا خطرہ ہے، تمام ادارے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں اتوار کی رات گرج چمک کیساتھ بارش کاامکان ہے، اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا ہے اور کہاکہ پیر،منگل کو موسلادھار بارش سے کراچی،ٹھٹھہ،حیدرآباد،بدین میں اربن فلڈکاخطرہ ہے، تمام ادارے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔یاد رہے پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے)کی جانب سے کراچی، سکھر، شہید بے نظیرآباد اور میرپور خاص ڈویژن کے کمشنرز کو مراسلہ جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، ٹھٹھہ، بدین اورحیدرآباد میں بارش متوقع ہے۔مراسلے میں مون سون کی بارشوں کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مون سون کے موسم میں بارشوں کے ساتھ ساتھ آسمانی بجلی گرنے کے امکانات بھی ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کی بارشوں میں تیز ہواؤں کے سبب بڑے پیمانے پر تباہی پھیلنے کا خدشہ ہے، تمام متعلقہ ادارے مون سون کی بارشوں سے پہلے تمام احتیاطی تدابیروں پر عمل درآمد کرلیں۔خیال رہے محکمہ موسمیات نے بارشوں کے حوالے سے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی میں 6سے 8 جولائی کودرمیانے درجہ کی بارشیں ہوسکتی ہیں۔ڈائریکٹرمیٹ کے مطابق رواں سال معمول سے10فیصدزیادہ بارشیں متوقع ہے، بارشوں سے گرمی کی شدت میں کمی ہونے کا امکان ہے۔

مزید :

صفحہ اول -