ملک کی بہتری کا آخری آپشن جمہوری قوتیں ہیں،نثار کھوڑو

ملک کی بہتری کا آخری آپشن جمہوری قوتیں ہیں،نثار کھوڑو

  

کراچی(اسٹا ف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کے ملک کو بہتری کی طرف لے جانے کا آخری آپشن جمہوری قوتیں ہیں۔ وزیراعظم خود کو آخری آپشن سمجھ کر اپنے دل کو خوش کرتے رہیں مگر ان کے اقتدار کی کشتی ڈوب رہی ہے،وزیراعظم اپنی ناکامی کا اعتراف کرکے استعفیٰ دیں ورنہ کہیں انہیں عدم اعتماد کے ذریعے جانا نہ پڑ جائے۔ وفاقی بجٹ منظورتو کرالیا گیا مگر نمبر گیم شروع ہوئی تو پی ٹی آئی کا اتحادی بھی ساتھ نہیں دینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو اپنی رہائشگاہ پر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کرنے والوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی،قومی عوامی تحریک اور پیپلز پارٹی ورکرز ملیر کے سابق عہدیداروں نے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرنے والوں میں پی ٹی آئی ٹائیگر فورس ملیر کے جنرل سیکریٹری شاہد سومرو، ڈپٹی جنرل سیکریٹری کامران گل، قومی عوامی تحریک کے مرکزی اطلاعات سیکرٹری علی بابر، پیپلز پارٹی ورکرز ملیر کے سابق صدر نوید ڈیرو، اطلاعات سیکرٹری عادل ڈیرو، ولی ناریجو، سید انور شاہ سمیت دیگر شامل تھے۔ شمولیت کے موقع پر ایم پی اے ساجد جوکھیو، سینیٹر انور لال ڈین بھی موجود تھے۔ نثار کھوڑو نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ وزیراعظم اپنی ضد چھوڑیں اور ملک میں قبل از وقت انتخابات کرواکر عوام کو بہتر فیصلہ کرنے کا موقع دیا جائے انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار کا عوام دشمن چہرا بے نقاب ہوچکا ہے اب پی ٹی آئی کے اتحادیوں سمیت ملک بھر کے عوام اس وفاقی سرکار سے بے زار ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -