گرمی کے ستائے پاکستانیوں کیلئے بارش کی پیشگوئی، کن علاقوں میں ابرِ رحمت ہوگی؟

گرمی کے ستائے پاکستانیوں کیلئے بارش کی پیشگوئی، کن علاقوں میں ابرِ رحمت ...
گرمی کے ستائے پاکستانیوں کیلئے بارش کی پیشگوئی، کن علاقوں میں ابرِ رحمت ہوگی؟
سورس: File

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) گرمی کے ستائے شہریوں کو خوشخبری مل گئی، محکمہ موسمیات نے آج سے بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ آج بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اورشمال مشرقی بلوچستان میں آندھی اور گرج چمک کےساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج (پیر کے روز) کے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہےگا تاہم شام اور رات کے اوقات میں خطۂ پوٹھوہار، لاہور، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، گجرات، میا نوالی، بھکر، لیہ اورڈی جی خان میں گرد آلود ہواؤں ، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پربارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی رات کے وقت بارش کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

سندھ میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں بلکہ بالائی اور وسطی سندھ میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم شام اور رات کے اوقات میں دیر، چترال، کوہستان، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، کوہاٹ اور کرم میں آندھی، تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پربارش کا امکان ہے۔ صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا تاہم دوپہر کے بعد بارکھان، کوہلو، موسیٰ خیل، کوئٹہ، ژوب اور ملحقہ علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مزید :

ماحولیات -