واہگہ بارڈر کی سڑکوں پر صفائی یقینی بنائی جائے،ناصر اقبال خان

  واہگہ بارڈر کی سڑکوں پر صفائی یقینی بنائی جائے،ناصر اقبال خان

  

لاہور(پ ر)انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی صدر محمدناصراقبال خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت واہگہ بارڈرسے متصل جی ٹی روڈ کے دونوں طرف صفائی یقینی بنائے۔بالخصوص بی آر بی نہر سے بابِ آزادی واہگہ بارڈر تک جابجا گوبرسمیت گندگی کے ڈھیر فوری اٹھانے جبکہ اطراف سے ناجائز تجاوزات ہٹانے کی اشد ضرورت ہے۔بی آر بی نہرسے باب ِآزادی تک شاہراہ کے دونوں طرف رات کو روشنی کاانتظام جبکہ ملحقہ گھروں پر خوشنمارنگ کیاجائے۔بابِ آزادی لاہور کوسیروسیاحت اورپاکستانیت کے فروغ کابہترین مقام کہنا بیجا نہیں ہوگا لہٰذاء وہاں کی بھرپور سکیورٹی سمیت صفائی ستھرائی کاخاص خیال رکھنا ہوگا۔اس ضمن میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار،ڈی سی لاہورملک مدثرریاض اورچیئرمین پی ایچ اے لاہور یاسر گیلانی اپنابھرپور انتظامی کرداراداکریں۔

 اوران ایشوزکواپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھیں۔اپنے ایک بیان میں محمدناصراقبال خان نے مزید کہا کہ" کلین اینڈگرین" پاکستان کے داعی بابِ آزادی تک جانیوالی شاہراہ عام کی حالت زاردیکھیں اورشرم سے ڈوب مریں۔مختلف سفیروں سمیت دنیا بھر سے اہم افراد روزانہ واہگہ بارڈر پر ہمارے رینجرز کی منفرد،مخصوص اور شاندارپریڈ دیکھنے آتے ہیں اورانہیں جی ٹی روڈ پر بی آربی نہر سے واہگہ بارڈر بابِ آزادی تک دونوں طرف گوبر اورگندگی کے ڈھیروں سے پیداہونیوالے تعفن کوبرداشت کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت سے آنیوالے سکھ یاتریوں سمیت دوسرے مہمان بھی پاکستان کی حدودمیں داخل ہونے کیلئے اس شاہراہ سے گزرتے ہیں اورشہرلاہور کے بارے میں ان کے تصورات اورتاثرات پر منفی اثر پڑتا ہے۔باب آزادی سے متصل شاہراہ کوماڈل روڈ بنایاجائے جبکہ مقامی شہریوں کوشاہراہ کے ساتھ ساتھ بھینسیں باندھنے سے روکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت ملک بھر کی شاہراہوں کو فوری طورپرمرمت کیاجائے کیونکہ جابجا گڑھے مسلسل حادثات اورشہریوں کی اموات کاسبب بن رہے ہیں۔  

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -