پروفیسر خالد محمود سوسائٹی آف نیورو سرجنز کے سینئر نائب صدر منتخب

  پروفیسر خالد محمود سوسائٹی آف نیورو سرجنز کے سینئر نائب صدر منتخب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(پ ر)ملک کے معروف نیورو سرجن اور دماغی آپریشنز میں عالمی سطح پر شہرت کے حامل پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کو پاکستان سوسائٹی آف نیورو سرجنز کا سینئر نائب صدر منتخب کر لیا گیا وہ2سال بعد سوسائٹی کے صدر کے عہدے کا چارج بھی سنبھالیں گے۔پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے پر بھی فائز ہیں اور انہیں ملکی و عالمی سطح پر نیورو سرجری کے حوالے سے مختلف فورمز پر نمائندگی کرنے کا موقع ملا ہے۔اپنے اس انتخاب پر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کا کہنا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے ہاں سجدہ شکربجا لاتے ہیں کہ انہیں اس اہم ذمہ داری کے لائق سمجھاگیا ہے وہ اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کو مزید فعال بنانے اور ڈاکٹر برادری بالخصوص نیورو سرجنز کی فلاح و بہبود کے لئے زیادہ سے زیادہ اقداما ت کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے اس عزم کابھی اظہار کیا کہ انہوں نے پی آئی این ایس میں ناک کے ذریعے رسولی نکالنے اور بے ہوش کیے بغیر دماغ کے آپریشنز کرنے کے جو کامیاب پروسیجرز متعارف کروائے ہیں وہ اس ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے ینگ ڈاکٹرز کو منتقل کریں گے۔

 تاکہ ان کی تحقیق اور میڈیکل فیلڈ میں کامیابیوں کا زیادہ سے زیادہ فائدہ مریضوں کو مل سکے۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کا کہنا تھا کہ وہ نیورو سرجن کی طرف سے کیے گئے اعتماد پر مشکور ہیں اور انشاء  اللہ اس فورم کو زیادہ سے زیادہ ڈاکٹرز کمیونٹی کے لئے مفید بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 21ویں صدی میڈیکل سائنس میں جدت اور نئی سے نئی تحقیق کو سامنے لا رہی ہے اور ان حالات میں بالخصوص ینگ ڈاکٹرز کمیونٹی کو اپنے کتابی علم کے علاوہ میڈیکل فیلڈ کی عملی کامیابیوں میں بھی حصہ لینا چاہیے اور پاکستان نیورو سرجنز ایسوسی ایشن اْن کی پیشہ وارانہ مہارت میں اضافے کے لئے تمام وسائل برؤئے کار لائے گی۔
  پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کو پاکستان ایسوسی ایشن آف نیورو سرجنز کا سینئر وائس پریذیڈنٹ منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے اْن کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اورامید ظاہر کی ہے کہ وہ اس ایسوسی ایشن کی شاندار اندازمیں قیادت کرتے ہوئے ڈاکٹر برادری کی بہتر سے بہتر اندازمیں خدمت کرنے کی کوشش کریں گے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کا انتخاب ہم سب کے لئے قابل فخر ہے وہ  نیورو سرجری کے علاج و تحقیق میں پہلے ہی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں اور اب اس ایسوسی ایشن کے ذریعے اْن میں مزید نکھار آئے گا اور وہ زیادہ بہتر انداز میں کام کر سکیں گے۔