پاکستان اور کویت کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم میں اضافہ
اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان اورکویت کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 18.67 فیصدکانمایاں اضافہ ہواہے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کاحجم 1.191 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کاحجم 1.004 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں کویت کوپاکستانی برآمدات کا حجم 116.80 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 24.70 فیصدزیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں کویت کوپاکستانی برآمدات کاحجم 93.78 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔اپریل میں کویت کوبرآمدات سے ملک کو11.64 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا۔، گزشتہ سال اپریل میں کویت کوپاکستانی برآمدات کاحجم 11.41 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔ مالی سال 2020 میں کویت کو112.85 ملین ڈالرمالیت کی برآمدات ہوئی تھیں۔سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں کویت سے درآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 18.16 فیصدکااضافہ ہواہے۔ جولائی سے اپریل 2021 تک کویت سے 1.075 ارب ڈالرمالیت کی درآمدات ریکارڈکی گئیں۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 910.49 ملین ڈالرمالیت کی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔اپریل 2021 میں کویت سے درآمدات پر67.43 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہوا، گزشتہ سال اپریل میں کویت سے 120.22 ملین ڈالرکی درآمدات ہوئی تھیں۔
، مالی سال 2020 میں کویت سے درآمدات پر1.020 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواتھا۔