فٹیف دہشتگردوں کے پشت پناہ بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے: وزیر خارجہ 

فٹیف دہشتگردوں کے پشت پناہ بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے: وزیر خارجہ 

  

 اسلام آباد(نیوزایجنسیاں)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ ایک مرتبہ پھر ہمارے پاس بھارت کی ٹیرر فنانسنگ کے ناقابلِ تردید شواہد موجود ہیں،کیا فیٹف ادارے کی یہ ذمہ داری نہیں بنتی کہ وہ بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے اور ان سے ٹیرر فناسنگ کی بابت پوچھے؟،ہمارے پہلے پیش کردہ شواہد کو سنجیدگی سے لیا جاتا تو جوہر ٹاؤن لاہور اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات نہ ہوتے۔ اتوار کو لاہور میں ہونیوالے دہشتگردی کے واقعہ اور تحقیقات میں سامنے آنے والے شواہد کے حوالے سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہاکہ سب سے پہلے میں ہمارے تحقیقاتی اداروں، کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ، ہماری ایجنسیز اور پنجاب پولیس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اپنے پروفیشنلزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت کارروائی کر کے نہ صرف اس واقعہ میں ملوث کرداروں کو بے نقاب کیا بلکہ کء معصوم زندگیوں کو بچانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ قبل ازیں شاہ محمود نے کہا ہے کہ ملک کی خارجہ پالیسی کا بنیادی مقصد ملکی معیشت کو مستحکم کرنا اوربیرونی سرمایہ کاری کی ترغیب دینا ہے۔ریڈیو پاکستان کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان نے جغرافیائی،سیاسی اورخارجہ پالیسی کو اقتصادی سفارتکاری میں تبدیل کر دیا ہے،وزارت خارجہ نے تجارت کے فروغ،ترسیلات زر کی سہولت اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی کوششوں پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان حکام کی جانب سے پاکستان پر بلا جواز تنقید ان کی پالیسیوں سے متعلق ناکامی کا ثبوت ہے۔انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ افغان عوام کی اکثریت اِس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات سے انہیں فائدہ پہنچ سکتا ہے۔شاہ محمود نے کہا ہے کہ لاہور دھماکے سے متعلق ہمارے خدشات درست ثابت ہوئے، بھارت دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔اپنے ایک اہم بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت ناصرف دہشتگردوں کی مالی مدد بلکہ ان کو تربیت بھی فراہم کرتا ہے۔ ہم نے بھارت کو بے نقاب کیا، مزید بھی کریں گے۔شاہ محمود قریشی نے سوال اٹھایا کہ کیا دنیا بھارت کی دہشتگردوں کی مالی مدد کا نوٹس لے گی؟ ہمیں اپنے دفاع کا پورا حق ہے۔

وزیرخارجہ

مزید :

صفحہ آخر -