احساس پروگرا م نے مسلسل 2برس اپنا 100فیصد بجٹ استعمال کیا: ڈاکٹر ثانیہ نشتر

احساس پروگرا م نے مسلسل 2برس اپنا 100فیصد بجٹ استعمال کیا: ڈاکٹر ثانیہ نشتر

  

 اسلام آباد (اے پی پی) احساس پروگرام کے آغاز کے بعد سے گزشتہ دو مالی سالوں یکم جولائی 2019تا 30جون 2021کے بجٹ میں مختص کی گئی رقم کو پوری طرح سے استعمال کیا ہے۔ احساس کے تحت مختلف سماجی تحفظ اور تخفیف غربت کے مختلف اقدامات کیلئے مالی سال22۔ 2020 میں مختص کئے گئے 206.76ارب روپے استعمال ہوئے۔ اسی طرح مالی سال20۔ 2019کے لئے مختص کئے گئے 254.95ارب روپے کو مذکورہ سال میں مکمل طور پر تقسیم اور استعمال کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ مالی سال22۔ 2021 میں احساس پروگرام کیلئے مختص کردہ رقم کو بڑھا کر 260ارب روپے کردیا گیاہے۔280سے زیادہ پروگراموں، اقدامات اور پالیسی شعبوں پر مشتمل احساس کا مقصد کثیر الشعبہ جاتی طریقہ کار کے ذریعے عدم مساوات کو کم اور غربت کا خاتمہ کرنا ہے۔ احساس کفالت کے تحت جاری احساس سروے کے ذریعے 30جون2021تک 70لاکھ سے زیادہ گھرانوں کو اندارج کیا جا چکا ہے۔ کفالت کے تحت ملک کی غریب خواتین کو 2000روپے ماہانہ اور سیونگ بینک اکاؤنٹ کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔گھرانوں کی سماجی ومعاشی حیثیت کے بارے میں اعدادوشمار اکھٹا کرنے کیلئے ملک بھر میں نئے احساس سروے پر کام کو تیز کردیا گیا ہے۔ سروے 95فیصد مکمل ہے اور 31جولائی 2021تک مکمل ہوجائے گا۔ نئے مستحقین کا اندراج نئے احساس سروے کے اعدادوشمار پر منحصر ہے۔ گھر گھر سروے میں رہ جانے والے اہل خانہ احساس رجسٹریشن ڈیسک کے ذریعے اپنا اندراج کراسکیں گے یہ ڈیسک سروے تکمیل کے بعد تحصیل سطح پر کھولے جائیں گے۔سال 2020 میں احساس ایمرجنسی کیش کے پہلے مرحلے کے تحت، حکومت نے 14.8ملین انتہائی غریب خاندانوں میں 179.8ارب روپے تقسیم کئے۔ احساس ایمرجنسی کیش کے دوسرے مرحلے کے تحت 12ملین مستحق گھرانوں (بشمول4ملین اضافی مستحق گھرانوں) کو 12000روپے تقسیم کئے جارہے ہیں۔احساس بلاسود قرضوں اور احساس آمدن پروگرام کے ذریعے مستحق گھرانوں کے روزگار کیلئے مواقع پیدا کئے جارہے ہیں۔ ملک کے مختلف حصوں میں دیہاڈی داروں اور مزدوروں کو احساس لنگر خانوں کے ذریعے دن میں دو بار مفت کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔ اب تک ملک بھر میں 28لنگرخانے کھولے جا چکے ہیں۔ احسا س کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کے تحت اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد اور پشاور میں فوڈ ٹرک کے ذریعے بلامعاوضہ کھانا پہنچایا جاتا ہے۔احساس تحفظ پاکستان کا پہلا واحد پروگرام ہے جس کا مقصد لوگوں کو صحت کے اخراجات سے بچانا ہے، یہ دسمبر 2020سے ایک ہسپتال میں پائلٹ معائنے کیلئے چلایا جارہا ہے اور مالی سال 22۔2021 میں اسے مزید وسعت دی جائے گی۔وزیر اعظم نے 9جون 2021کو ستارہ مارکیٹ اسلام آباد میں پہلے ون ونڈو احساس سینٹر کا افتتاح کیا۔  احساس کے تحت ملک کے 154اضلاع میں ون ونڈو مراکز کھولے جائیں گے۔

احساس پروگرام

مزید :

صفحہ آخر -