لیسکو کی انتظامی نااہلی، واپڈااور پیپکو سے 15ارب کی وصولی نہ کی جاسکی 

    لیسکو کی انتظامی نااہلی، واپڈااور پیپکو سے 15ارب کی وصولی نہ کی جاسکی 

  

 لاہور(انور کھرل) محکمہ واپڈا اور پیپکو بھی لیسکو کمپنی کے 15 ارب روپے کے نادہندہ نکلے، واپڈا اور پیپکو کے افسران اور ملازمین لیسکوسے بجلی، میڈیکل الاؤنسز، پنشن سمیت دیگر مراعات مفت لینے لگے،انتظامی امور پر ناقص کنٹرول کی وجہ سے وصولیاں نہ کی جا سکیں، لیسکو کی جانب سے وزارت پاور ڈویژن کو بھجوائی گئی ایک جوابی رپورٹ میں انکشافات سامنے آ گئے۔ ذرائع کے مطابق وزارت پاور ڈویژن کو بھجوائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لیسکو کی جانب سے واپڈااور پیپکو کے افسران اور ملازمین لیسکو بجلی کی فراہمی، میڈیکل الاؤنسز، پنشن سمیت دیگر مختلف امور پر مراعات لے رہے ہیں جن کے اخراجات اور بلوں کی مد میں 15 ارب روپے واجب ادا ہیں جو کہ واپڈا اور پیپکو نے ادانہیں کئے جس پر لیسکو کے ریکوری حکام 15 ارب روپے کی وصولیاں کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ لیسکو کمپنی کی جانب سے دونوں سیکٹرز کو متعدد بار ادائیگیوں کے لئے تحریری طورپر لکھا گیا لیکن ریکوری کرنے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ وزارت پاور ڈویژن نے ریکوری کی ناقص رپورٹ پر سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے ریکوریوں کو ہر ممکن یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ دوسری جانب لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ واپڈا اور پیپکو کو مختلف امور پر دی جانے والی مراعات پر وصولیاں تو کی جا رہی ہیں مگر سو فیصد ریکوری نہیں ہوئی تاہم تمام وصولیاں مکمل کر کے حتمی  ریکوری رپورٹ وزارت پاور ڈویژن کو دوبارہ بھجوائی جائے گی۔

لیسکوکے نادہندگان

مزید :

صفحہ اول -