سٹی ٹریفک پولیس کی ون ویلنگ کرنے پر 23افراد کیخلاف کارروائی 

      سٹی ٹریفک پولیس کی ون ویلنگ کرنے پر 23افراد کیخلاف کارروائی 

  

 پشاور (کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے نادرن بائی پاس پر ون ویلنگ کرنے پر 23 افراد کو حراست میں لے کر موٹرسائیکلیں ٹرمینل میں بند کر دیں۔تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے نادرن بائی پاس پر ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جس میں مزید 23 نوجوانوں کو ون ویلنگ کرنے پر حراست میں لے کر موٹر سائیکلوں کو ضبط کر کے ٹرمینل میں بند کر دیئے جبکہ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے ان کے والدین سے تحریری طور پر ضمانت لی گئی۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ون ویلنگ کرنا اپنی زندگی سے کھیلنے کے مترادف ہے کیونکہ اس خطرناک کھیل سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور لوگوں کے خوشیوں بھرے گھر ماتم میں تبدیل ہو گئے ہیں انہوں نے  کہا کہ ون ویلنگ کرنیوالوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائیگی اور ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ چیف کیپٹل پولیس عباس احسن کے ہدایات کی روشنی میں ون ویلنگ کیخلاف وقتاً فوقتاً کارروائیاں کی جاتی ہیں تاکہ نوجوان اس خطرناک عمل سے بچ سکیں اور انکی زندگیاں محفوظ بنائی جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر میں ٹریفک قوانین سے متعلق مہمات اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کا مقصد شہر میں ٹریفک کا نظام بہتر بنانا اور شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی جبکہ مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -