جلدازجلد افغانستان کےساتھ فینسنگ مکمل کردیں گے، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کی خواہش ہے افغانستان میں امن ہو، ہماری پوری خواہش ہے افغانستان کے لوگ مل کر اپنے مسائل حل کریں ، امید ہے اس دفعہ افغانستان کی صورتحال کے باعث وہ صورتحال پیدا نہ ہوگی جو پہلے ہوئی ، وزارت داخلہ میں بارڈر مینیجمنٹ پر اہم میٹنگز کی ہیں، جلدازجلد افغانستان کیساتھ فینسنگ مکمل کردیں گے۔ساری قوم پاکستان کی سلامتی میں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لاہور میں ہونے والے دھماکے میں بھارتی خفیہ تنظیم ’را ‘ ملوث ہے، کراچی میں بھی کچھ لوگ ہم نے پکڑے ہوئے ہیں ادارے فیصلہ کریں گے کب ان کو منظر عام پر لانا ہے ، ہندوستان نے دل سے ہمیں تسلیم نہیں کیا اور وہ ہروقت پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے ،ہم باخبر ہیں، بھارت کیخلاف وزارت خارجہ ثبوت دنیا کے سامنے رکھے گی ، ملک کی وزارت داخلہ اپنی عظیم افواج کے ساتھ پوری طرح اپنے ملکی بارڈرز پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈپلومیٹک پاکستان پر فری ویزہ اور آن ارائیول چند روز کا ویزہ ملے گا ، تمام ائیرپورٹس پر سی پیک کیلئے الگ کاو¿نٹر بنائیں گے ،چمن اور طورخم مکمل طورپر انٹری کیلئے ڈیوٹی پر موجود ہیں ، چمن کو بھی تیس تاریخ تک الیکٹرانک بنا دیا جائے گا، یہاں پہلے ہی تیس چالیس لاکھ افغان مہاجرین موجود ہیں ، جیسے جیسے حالات بنیں گے ان پر فیصلہ کریں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ڈی جی ایف آئی اے کو کہا گیا ہے کہ جو لوگ بارہ بارہ سال ایک جگہ پر بیٹھے ہوئے ہیں ان کو تبدیل کریں گے ، ایف آئی اے میں بارہ سو نوکریاں نکلی تھیں ، 509 نوکریاں مزید لینے کیلئے فنانس منسٹری سے درخواست کی ہے ، چیئرمین نادر ا کو ہدایت کی ہے کہ ادارے سے غیر ضروری افراد کو نکالا جائے۔
شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) ٹھس ہے، دو سال پہلے کہا تھا مریم اور شہباز کی سیاست مختلف ہے مگر سب لوگ میرا مذاق اڑاتے تھے۔