بیوی کو قتل کرکے کورونا کا ڈرامہ رچانے والا رکشہ ڈرائیور بالآخر پکڑا گیا لیکن دراصل اہلخانہ کو کیوں شک پڑا؟ ساری کہانی سامنے آگئی
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی شہر حیدرآباد میں پولیس نے اپنی بیوی کو قتل کرنے کے بعد اس کی کورونا وائرس سے موت ہونے کا ڈرامہ رچانے والے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔گلف نیوز کے مطابق ملزم کی شناخت رام وتھ وجے کے نام سے ہوئی ہے جسے اپنی 21سالہ کویتا نامی بیوی کے کردار پر شبہ تھا۔ اس نے سوتے ہوئے کویتا کے منہ پر تکیہ رکھ کر اس کا سانس بند کر دیا جس سے وہ موت کے منہ میں چلی گئی۔
رپورٹ کے مطابق بعد ازاں ملزم نے اس کی کورونا وائرس سے موت ہونے کا ڈرامہ رچا دیا اور اس کے والدین کو اطلاع دے دی کہ ان کی بیٹی کو کورونا وائرس ہوا تھا اور رات کو اس کی موت ہو گئی ہے۔ کویتا کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں اور دو ہفتے بعد کویتا کی ماں کی طرف سے وجے کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا۔
خاتون نے ایف آئی آر میں بتایا کہ وہ اور اس کے دیگر گھر والے کویتا کی لاش سے لپٹ کر روتے رہے مگر دو ہفتے گزرنے کے بعد کسی کو بھی کورونا وائرس نہیں ہوا۔ لہٰذا مجھے شبہ ہے کہ کویتا کی موت کورونا وائرس سے نہیں ہوئی۔خاتون کی شکایت پر پولیس نے وجے کو گرفتار کرکے تفتیش کی تو اس نے اعتراف کر لیا کہ اس نے بے وفائی کے شک پر کویتا کو قتل کیا تھا۔پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔