پرائس مجسٹریٹس کو منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم

        پرائس مجسٹریٹس کو منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی کا حکم

  

            لاہور(جنرل رپورٹر)ضلعی انتظامیہ لاہور عید قربان سے قبل مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کیلئے متحرک،ڈی سی عمر شیر چٹھہ کی زیر صدارت نادر ہال  میں اجلاس میں ایم پی اے مرزا جاوید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ڈی سی نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو عید قربان سے قبل اور عید کے ایام میں متحرک رہنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ٹماٹر، پیاز، لہسن اور آلو کی قیمتوں پر خصوصی فوکس کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے کہا کہ جہاں کہیں بھی ان پر اوورچارجنگ پائی جائے، سخت کاروائیاں عمل میں لائی جائیں اور بھاری جرمانے عائد کئے جائیں۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ منافع خوروں کو منافع خوری پر کسی صورت نہ بخشا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تندوروں پر نان 15 روپے جبکہ روٹی 10 روپے میں فروخت کروائیں۔ دوسری جانب ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر شالیمار ذیشان ندیم نے رکھ چھبیل مویشی منڈی، اسسٹنٹ کمشنر ماڈل سونیا صدف نے کاہنہ، اسسٹنٹ کمشنر قراۃالعین ظفر نے آئی ٹی یو، اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ لاریب اسلم نے پائن ایونیو مویشی منڈی کا دورہ کیا اور مویشی منڈیوں میں بنیادی ضروریات کا جائزہ لیا۔ افسران نے مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں سے ملاقات کی اور ٹینٹس، کرسیاں اور صاف پینے کے پانی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ افسران نے ڈی ایم او آرز کو مویشی منڈیوں کے قریب جانوروں کی فروخت کے لئے قائم چھوٹے چھوٹے سیل پوائنٹس کو ختم کرنے کی ہدایات کیں۔ دریں اثناء ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے کہا لاہور شہر میں سبسڈائزڈ آٹا کی سپلائی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج شہر بھر میں 01 لاکھ 61 ہزار 634 سستا آٹا کے بیگز فراہم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 10 کلو آٹے کے 61156 تھیلے  فراہم کئے گئے ہیں اور 20 کلو آٹے کے 100478 تھیلے دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 490 روپے جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 980 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ انہوں مزید کہا کہ عوام کو بھرپور ریلیف کی فراہمی کے لئے کاوشیں جاری رہیں گی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -