ایڈیشنل سیکرٹری لائیو سٹاک کے مویشی منڈیوں کے دورے 

  ایڈیشنل سیکرٹری لائیو سٹاک کے مویشی منڈیوں کے دورے 

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) ڈاکٹر اقبال شاہد نے عیدالاضحی کے موقع پر لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے لاہور کی مختلف چیک پوسٹوں اور مویشی منڈیوں کا اچانک دورہ کیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری نے لاہور میں این ایف سی اور مانگا کی مویشی منڈیوں جبکہ ٹھوکر پر قائم چیک پوسٹ کا دورہ کیا۔ایڈیشنل سیکرٹری نے منڈیوں اور ویٹرنری کیمپس میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے ڈیوٹی پر موجود عملہ کو منڈیوں میں لمپی سکن کنٹرول بارے گائیڈ لائنز پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ڈاکٹر اقبال شاہد نے مانگا میں لمپی سکن سے متاثرہ جانوروں کے قرنطینہ سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ ویٹرنری کیمپس میں ادویات کی وافر فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔جبکہ چیک پوسٹوں پر مویشیوں والی گاڑیوں کی لمپی سکن سے متاثرہ جانوروں کی سختی سے چیکنگ کی جارہی ہے تاکہ متاثرہ جانوروں کو فی الفور قرنطینہ مرکز بھجوایا جائے جہاں علاج معالجہ کا مناسب انتظام 24گھنٹے موجود ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری نے جانوروں پر چیچڑ مار سپرے مہم بارے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل (توسیع)ڈاکٹر احتشام الحق اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لاہور زبیر باری بھی ایڈیشنل سیکرٹری کے ہمراہ موجود تھے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -