سی سی پی او نے ترقی پانیوالے پولیس افسران کو پروموشن رینک لگائے

سی سی پی او نے ترقی پانیوالے پولیس افسران کو پروموشن رینک لگائے

  

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں گز شتہ روزکانسٹیبل سے ہیڈ کانسٹیبل کے عہدوں پر ترقی پانے والے پولیس اہلکاروں کو پروموشن بیجز لگانے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔سربراہ لاہور پولیس ڈی آئی جی بلال صدیق کمیانہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر،ایس پی ہیڈ کوارٹرز اویس ملک،ڈی ایس پی کاشف ڈوگر اور دیگر سینئر پولیس افسران نے تقریب میں شرکت کی۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور ایس پی ہیڈکوارٹرز نے ترقی پانے والے پولیس افسران کو اگلے عہدے کے پروموشن رینک لگائے کانسٹیبل رینک سے ہیڈکانسٹیبل پروموٹ ہونے والے 132 پولیس اہلکاروں کو ترقی کے بیجز لگائے گئے۔ترقی پانے والوں میں آپریشنز ونگ کے 60،انوسٹی گیشن کے 22، سکیورٹی ڈویڑن کے15،دیگر یونٹس کے 35اہلکار، 10 لیڈی پولیس اہلکار اور ایلیٹ فورس کے 11 جوان شامل ہیں۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ترقی پانے والے پولیس اہلکاروں کو مبارکباد دی اور شہریوں کی بھلائی اور خیر کیلئے کام کرنے کی ہدایت کی۔بلال صدیق کمیانہ نے کہاکہ بروقت ترقی ہر آفیسر کا بنیادی حق ہے۔ترقی ملنے سے افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی میں مزید بہتری اور نکھار پیدا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عہدہ بڑھنے سے ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترقی پانے والے پولیس افسران بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں گے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے مزید کہا کہ لاہور پولیس میں ترقیوں کا عمل باقاعدگی سے جاری ہے اور مربوط پروموشن سسٹم کے تحت آئندہ ایک ماہ میں مزید افسران اور اہلکاروں کو ترقی دی جائے گی۔بلال صدیق کمیانہ نیپولیس افسران اورجوانوں کو ہدایت کی کہ وہ مزید ترقی کے لئے محکمانہ کورسسز باقاعدگی سیمکمل کریں۔انہوں نے کہا کہ پولیس سٹیشن میں ایس ایچ او کے بعد ہیڈ کانسٹیبل کا کلیدی کردار ہے کیونکہ ہیڈ کانسٹیبل ز محرر اور نائب محرران کی حیثیت سے سب سے زیادہ پبلک ڈیلنگ کرتے ہیں۔ہیڈ کانسٹیبلز سائلین کے ساتھ عزت سے پیش آئیں اور انہیں انصاف دیں۔شہریوں کی بھلائی اور خیر کیلئے مزید دلجمعی سے محنت کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران اور اہلکار بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ دوران ملازمت ہمیشہ شفاف کردار اپنائیں کیونکہ بدعنوانی اور اختیارات سے تجاوز پر ملنے والی سزائیں ان کی محکمانہ ترقی میں بڑی رکاوٹ بن جاتی ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ کسی بھی رینک کے ماتحت افسران اور اہلکار محکمانہ اورذاتی مسائل کے حل کیلئے بلاجھجک ان کے دفتر آئیں، وہ ہمہ وقت دستیاب ہوں۔

مزید :

علاقائی -