ننکانہ، پولیس کی کارروائی، ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت 4ملزم گرفتار

  ننکانہ، پولیس کی کارروائی، ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت 4ملزم گرفتار

  

ننکانہ صاحب(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ننکانہ صاحب پولیس کی کاروائی، ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت چار ملزم گرفتار، ملزمان سے 6لاکھ روپے کی مسروقہ  رقم، 4موٹر سائیکلیں، موبائل فونز اور اسلحہ برآمد تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی سرکل ننکانہ طارق ڈوگر کی سربراہی میں تھانہ واربرٹن پولیس نے بین الاضلاعی حمزہ ڈکیت گینگ کے سرغنہ کو تین ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضہ سے مختلف وارداتوں میں لوٹی ہوئی نقدی 6 لاکھ روپے 4 موٹر سائیکل، 7 موبائلز اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا ۔

بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کو تھانہ واربرٹن پولیس نے ایس ایچ او عمران آصف کی سربراہی میں گرفتار کیا۔ ملزمان حمزہ، علی حسن، مبشر اور غلام مرتضی ضلع ننکانہ، شیخوپورہ اور دیگر اضلاع میں ڈکیتی سمیت متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

 دوران تفتیش ملزمان نے تھانہ واربرٹن اور تھانہ صدر شاہکوٹ سمیت ڈکیتی کے مقدمات کی 11 وارداتوں کا انکشاف کیا ہے جبکہ مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔ ڈکیت گینگ ملزمان اسلحہ کے زور پر شہریوں سے نقدی، موٹر سائیکل اور دیگر قیمتی سازو سامان وغیرہ چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔ گینگ کی گرفتاری ضلعی پولیس کے لیے سوالیہ نشان بنی ہوئی تھی۔ ڈی پی او منصور امان نے ایس ایچ او واربرٹن عمران آصف کو ڈکیت گینگ کی گرفتاری کا ٹاسک سونپا جس پر تھانہ واربرٹن پولیس نے دن رات مسلسل محنت اور پیشہ وارانہ مہارت کی بدولت ملزمان کا سراغ لگا کے گرفتار کیا۔ ملزمان کی گرفتاری سے ضلع ننکانہ کے مختلف علاقہ تھانہ جات اور دیگر اضلا ع میں ہونیوالی ڈکیتی کی وارداتوں میں واضح کمی واقع ہو گی۔

مزید :

علاقائی -