پاکستان امریکہ کیساتھ دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، بلیغ الرحمان 

پاکستان امریکہ کیساتھ دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، بلیغ ...

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گورنر ہاؤس لاہور میں امریکی نمائندہ خصوصی برائے تجارتی و کاروباری امور دلاور سید نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور امریکہ کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری اور دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر یو ایس کونسلیٹ کی سیاسی، اقتصادی چیف کیتھلین گبلسکو اورامریکی بین الاقوامی ترقی مالیاتی تعاون علاقائی پالیسی لیڈ گایا بھی موجودتھیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ پاکستان امریکہ کیساتھ دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے بالخصوص تجارتی میدان میں مشترکہ منصوبہ جات تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیم اور صحت میں بہتری، انرجی بحران اور غربت کا خاتمہ موجودہ حکومت کی ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے ویمن ان ویلز کا پروجیکٹ دوبارہ بہتر انداز میں شروع کیا ہے۔ دریں اثناء گورنر پنجاب سے گورنر ہاؤس لاہور میں روٹری انٹرنیشنل پاکستان کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں ملک بھر میں جاری پولیو مہم، تعلیم اور دیگر فلاحی امور پر گفتگو کی گئی۔ وفد کی قیادت ڈاکٹر شاہینہ آصف اور محمد عرفان چوہدری نے کی۔وفد کے دیگر ارکان میں ردا عرفان، میجر(ر)سہیل انور، میاں آفتاب مجید، انعام الحق پاشا اور تبسم وحید شامل تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنیوالوں کی سرپرستی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ روٹری انٹرنیشنل پاکستان کا پولیو مہم کے حوالے سے حکومت پاکستان کیساتھ تعاون اور آگاہی مہم میں کردار قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ روٹری کلب جیسی تنظیمیں معاشرے میں ایک مثبت کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ذہین طالب علم صرف اس وجہ سے ادارے سے نہیں نکالا جانا چاہیے کہ وہ مالی حالات کی وجہ سے فیس ادا نہیں کر سکتا ہو۔ گورنر پنجاب نے ہدایت کی کہ فیسوں میں اضافے کو معقول بنایا جائے اور آئندہ میٹنگ میں فیسوں سے متعلق معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔گورنر پنجاب نے کیا کہ تعلیمی اداروں میں طلباء کو کسی بھی مضمون کی مہارتیں سکھا دینا کافی نہیں بلکہ انہیں ایک اچھا اور باکردار انسان بنانا بہت ضروری ہے۔

بلیغ الرحمان 

مزید :

صفحہ آخر -