پاک فوج کا کردار ہمیشہ سے اہم رہا ہے: کرنل مختار بٹ

پاک فوج کا کردار ہمیشہ سے اہم رہا ہے: کرنل مختار بٹ

  

      کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی ایڈیٹر کلب کے سینئر نائب صدر اور ممتاز تجزیہ نگار کرنل (ر) مختار بٹ نے کہا ہے کہ نشان حیدر جو کہ ملک کا سب سے بڑا فوجی اعزاز ہے، اب تک جن شہداء نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے، ڈاکٹر عیسیٰ لیب کی تمام برانچز کو ان شہداء کے ناموں سے منسوب کرنا لائق تحسین ہے، پاک فوج کا کردار ملک کیلئے ہمیشہ سے اہم رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روزنامہ پاکستان سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہو ں نے کہا کہ جن شہداء نے نشان حیدرحاصل کیا ہے، ان شہدا ء کی قربانیاں لازوال ہیں، آنے والی نسلیں انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں یہ پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس سے پاک فوج کا مورال بلند ہوگا، اگر اپنی فوج سے محبت اور وفا نہیں کریں گے تو آپ نقصان میں رہیں گے۔یہ وہ لوگ ہیں جو نہ رات دیکھتے ہیں اور نہ دن، بس ان کے سامنے عوام و ملک کی حفاظت اولین ترجیح ہوتی ہے، وہ سمندر، پہاڑوں، گھنے جنگلات  یہاں تک سیاچن کی منجمند چوٹیوں پر بیٹھ کر اپنے پیشہ ورانہ فرائض نہایت مخلصی سے ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عیسیٰ لیبارٹری ایسا ادارہ ہے جو عوام کی خدمت کے لیے دن رات کوشاں ہے اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کررہا ہے۔ انہوں نے اپنی برانچز ان شہداء کے نام منسوب کرنے کا اعلان کرکے  ثابت کردیا ہے کہ ان شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرکے ملک کا سب سے بڑا فوجی اعزاز نشان حیدر حاصل کیا۔ انہو ں نے کہا کہ عیسیٰ لیبارٹری کی خوبی ہے کہ یہ لوگ غریب، بے بس اور لاچاروں کا خیال کرتے ہیں اور جہاں تک ہوسکے ان کی مدد کے لیے تیار رہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پوری قوم اس طرح سوچے تو تمام بنیادی مسائل حل ہوجائیں گے۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -