امریکہ پاکستان کیلئے سب سے بڑی برآمدی مارکیٹ ہے، پرویز الٰہی

امریکہ پاکستان کیلئے سب سے بڑی برآمدی مارکیٹ ہے، پرویز الٰہی

  

 لاہور(جنرل رپورٹر) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کیلئے سب سے بڑی برآمدی مارکیٹ ہے،دیرینہ تعلقات کے فروغ کیلئے باہمی رابطے، تجارت اور عوامی سطح پر وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں کی ضرورت ہے، اقتصادی ترقی کیلئے دونوں ممالک کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں، پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی اور صحت سمیت دیگر شعبہ جات میں شرکت داری مزید مستحکم ہونی چاہیے۔تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے کمرشل و کاروباری امور دلاور سید نے اسپیکر چیمبر میں ملاقات کی جس میں پاک امریکہ تعلقات، پارلیمانی و باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ دونوں ملکوں میں دیرینہ تعلقات کے فروغ کیلئے باہمی رابطے، تجارت اور عوامی سطح پر وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی کالج لاہور میرے وزارت اعلی کے دور میں پریسبیٹیرین چرچ کو واپس کیا گیا، امریکہ اور پاکستان کی شراکت داری کو75سال ہو چکے ہیں،اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا ہے کہ سلیکون ویلی میں پاکستان اور امریکہ کا داخلہ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ نمائندہ خصوصی دلاور سید نے کہا ہے کہ امریکہ اورپاکستان کے مابین خوشگوار تعلقات بڑھانے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے، امریکہ پاکستان کیساتھ باہمی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے نمائندہ خصوصی دلاور سید کو پنجاب اسمبلی کے نئے ایوان اور بلڈنگ کا دورہ بھی کروایا۔

پرویز الٰہی

مزید :

پشاورصفحہ آخر -