پنجاب سے 4 ماہ قبل اغوا کسان کراچی میں شدید زخمی حالت میں مل گیا

پنجاب سے 4 ماہ قبل اغوا کسان کراچی میں شدید زخمی حالت میں مل گیا

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پنجاب کے علاقے پتوکی سے 4 ماہ قبل مبینہ طور پر اغوا کیا جانے والا کسان کراچی کے مائی کلاچی روڈ سے متصل جنگل سے نیم بے ہوشی کی حالت میں ملا جسے پولیس نے سول اسپتال منتقل کردیاہے۔ڈاکس کے علاقے مائی کلاچی روڈ سے متصل جنگل میں ایک شخص کی نیم بے ہوشی کی حالت میں موجودگی کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور متاثرہ شخص کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا۔ متاثرہ شخص کی شناخت 52 سالہ رمضان ولد محمد دین کے نام ہوئی، جس کے جسم پر تیز دھار آلے سے کاٹے جانے کے نشانات  اور ہونٹوں پر بھی زخم ہیں۔پولیس کے مطابق رمضان نے بتایا کہ وہ پتوکی کے نواحی علاقے کا رہائشی اور کھیتی باڑی و بیجوں کی سپلائی کا کام کرتا ہے۔ پہلی بیوی سے اختلافات کے بعد دوسری شادی کر لی تھی بعد میں دوسری بیوی نے اغوا کرایا۔ 4 ماہ قبل اغوا کے بعد نامعلوم مقام پر لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران کسی جادو کرنے والے شخص نے ہونٹ سی دیے تھے اور پھر پتا نہیں چلا کہ کب کراچی منتقل کر دیا گیا۔گزشتہ شب جب آنکھ کھلی تو کسی جنگل میں پڑا تھا پھر پولیس کی مدد سے اسپتال تک پہنچا۔  پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔  متاثرہ شخص ٹراما سینٹر میں زیر علاج ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -