این ڈی سی ٹیک کا Caterphilers کے ساتھ اشتراک
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کی صف اول کی انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور مشاورتی کمپنی این ڈی سی ٹیک (NdcTech) نے CaterpillHERs سے شراکت داری کرلی ہے۔ اس اشتراک کا مقصد دور دراز کے علاقوں کی ایسی فری لانسرز خواتین کو تعلیم فراہم کرنا ہے جو اپنا کیرئیر شروع کرنا چاہتی ہیں۔اس کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی (سی ایس آر) اقدام کے تحت ایسی خواتین کو منتخب کیا جائے گا جو اپنا کیریئر یا کاروبار شروع کرنا چاہتی ہیں۔ ان خواتین کو 12 ہفتوں تک ایک گروپ کی شکل میں رکھا جائے گا۔تجربہ کارآئی ٹی پروفیشنلز کے ذریعے ان کی رہنمائی بھی کی جائے گی جو انہیں مفید مشورے بھی دیں گے، جس سے یہ خواتین اپنی صلاحیتوں کو کامیاب اور پائیدار کیرئیر میں تبدیل کرسکیں گی۔ایک ترقی پسند ادارے کی حیثیت سے این ڈی سی ٹیک کا مشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں خواتین کو سیکھنے اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنے میں تعاون کرنا ہے۔ اپنے سی ایس آر اقدامات کے ایک حصے کے طور پر کمپنی CaterpillHERs کے ساتھ مل کر فری لانسرز خواتین کی حوصلہ افزائی کررہی ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر بناسکیں۔این ڈی سی ٹیک کی سی ای او اور صدر اور وومن اِن ٹیکنالوجی لیڈرشپ ایوارڈ کی حامل عمارہ مسعود نے کہا کہ این ڈی سی ٹیک خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں یقین رکھتی ہے۔ CaterpillHERs آن لائن پروگرام کا مقصد خواتین کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا اور انہیں فروغ دینے کے لیے حوصلہ افزا ماحول فراہم کرنا ہے۔CaterpillHERs کی بانی حرا سعید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں این ڈی سی ٹیک جیسی کمپنیوں کی بہت شکر گزار ہوں جو پاکستان میں خواتین کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کے مشن میں ہمارا ساتھ دے رہی ہیں۔ اس پروگرام کے ذریعے ہم ملک کے تمام حصوں کی خواتین تک پہنچنا اور ان میں معاشرے میں اپنی شناخت بنانے کا جذبہ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔