پیپلزپارٹی 5جولائی کے آمرانہ اقدام کیخلاف یو م سیاہ منائے گی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثاراحمدکھوڑونے کہاہے کہ پیپلز پارٹی سندھ کی جانب سے آج(منگل)سندھ بھر کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں مظاہرے اور ریلیاں نکال کر ضیاء الحق کے آمریتی اقدام کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔پیرکوجاری اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ سندھ بھر میں پارٹی کے عہدیداران،ذمہ داران و کارکنان آج5 جولائی کو پارٹی دفاتر پر سیاہ پرچم لہرائیں اور بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج میں شرکت کریں۔ نثار کھوڑونے کہاکہ5 جولائی 1977 کو آمر ضیاء الحق نے شہید بھٹو کی جمہوری حکومت پر شب خون مارا اس دن کو ہر سال یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا رہے گا۔انہوں نے کہاکہ شہید بھٹو کے دور سے لے کر آج تک جمہوریت اور جمہوری قوتوں کی حکومت غیر جمہوری عناصروں کے آنکھوں میں کانٹا بن کر چھب رہی ہے۔ ماضی میں رات کے اندھیرے میں جمہوری حکومت کو گھر بھیج کر آمریت مسلط کی جاتی تھی،18ویں ترمیم کے بعد 58 ٹوبی کا خاتمہ کرکے جمہوری حکومتوں کو گھر بھیجنے کا راستہ بند کردیا گیا ہے۔نثار کھوڑو نے کہاکہ آج غیر جمہوری عناصر جمہوری سوچ کو دبانے کے لئے جھوٹ پر مبنی الزام تراشی کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک میں تمام مسائل کا حل اور ملک کی بقامضبوط جمہوریت میں ہی ہے۔آج عدم برداشت الزام تراشی اور انتہا پسندی کو جنم دینے والی سوچ کو شکست دینے کی ضرورت ہے۔نثار کھوڑونے کہاکہ جب سے آئین سے 58 ٹوبی کی شق کا خاتمہ کیا گیا ہے تب سے 18 ویں ترمیم غیر جمہوری عناصروں کو کانٹا بن کر چھب رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ غیر جمہوری عناصروں کی جھوٹے بیانئے کی آڑ میں جمہوری قوتوں کے خلاف واویلا اور سازش کو ہر فورم پر بے نقاب کرینگے۔