وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ طاہر علی میمن کی زیر صدارت اجلاس

وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ طاہر علی میمن کی زیر صدارت ...
وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ طاہر علی میمن کی زیر صدارت اجلاس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

عمرکوٹ (سید ریحان شبیر سے) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ طاہر علی میمن کی زیر صدارت ضلع کے تمام محکموں کے افسران، پاک فوج، پاک رینجرز، این جی اوز کے نمائندوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کےدربار ہال میں ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ طاہر علی میمن نے ضلع کونسل، میونسپل کمیٹی، تمام ٹاؤن کمیٹیوں، آبپاشی، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، زراعت، ریونیو، پولیس سمیت دیگر محکموں کے افسران  کو ہدایت کی کہ امکانی بارشوں کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے ضلع کونسل، میونسپل کمیٹی اور تمام ٹاؤن کمیٹیوں کے افسران کو ہدایت کی کہ برساتی نالوں اور نکاسی آب کیلئے سڑکوں کی صفائی کی جائے اور جہاں کہیں رکاوٹیں ہیں انہیں فوری طور پر ہٹایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ امکانی بارشوں کے دوران ریلیف کیمپ لگانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیئے گئے ہیں، انہوں نے ڈی او پرائمری اور ڈی او سیکنڈری کو ہدایت کی کہ وہ ان سکولوں کی فہرست دیں جن میں ریلیف کیمپ لگائے جائیں گے اور عملے کو ہائی الرٹ رکھا جائے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر تمام محکموں کے افسران اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، انہوں نے ڈی ایچ او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ ممکنہ بارشوں کے دوران تمام تعلقہ کی ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے اور موبائل میڈیکل ٹیمیں بنائی جائے اور خصوصی طور پر ہسپتالوں میں سانپ کاٹنے کی ویکسین کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر انہوں نے تمام این جی اوز کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ ممکنہ بارشوں کے دوران ایمرجنسی کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیارکاروں کو ہدایت کی کہ وہ  ممکنہ بارشوں کے دوران اپنے دفاتر میں خصوصی کنٹرول روم قائم کریں اور عوام کو مکمل ریلیف فراہم کریں اور  آٹے کی سرکاری ریٹ پر فراہمی کو یقینی بنائیں۔