ٹوئٹر نے مودی سرکار کو زور دار جھٹکا دے دیا
نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن)مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے بھارتی حکومت کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے مواد ہٹانے کے کچھ احکامات کو چیلنج کیا ہے۔
کرناٹکا ہائی کورٹ میں دائر مقدمے میں ٹوئٹر نے بھارتی حکومت پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام عائد کیا گیا ہے، جس کی جانب سے گزشتہ ایک سال کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو متعدد ٹوئٹس ہٹانے کے احکامات جاری کیے گئے۔یہ مقدمہ اس وقت دائر ہوا ہے جب بھارتی حکومت اور ٹوئٹر کے درمیان تنازع ڈیڑھ سال سے جاری ہے۔
ٹوئٹر کی جانب سے اس مقدمے کے حوالے سے بیان جاری کرنے سے گریز کیا گیا ہے۔بھارتی حکومت کی جانب سے مواد ہٹانے کے احکامات پر ٹوئٹر نے جزوی عملدرآمد کیا۔بھارت میں گزشتہ سال انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نئے قوانین کا نفاذ ہوا تھا جس کے باعث ٹوئٹر کے پاس مواد ہٹانے کے احکامات کو چیلنج کرنے کا زیادہ اختیار نہیں رہا۔