"اگر مجھے 5 گھنٹے میں رہا نہ کیا گیا تو ایسی ویڈیو آئے گی کہ تہلکہ مچ جائے گا" عمران ریاض کی گرفتاری سے پہلے ریکارڈ کرائی گئی ویڈیو اپ لوڈ کردی گئی

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) اینکر پرسن عمران ریاض کی گرفتاری کے بعد ان کے یوٹیوب چینل پر ان کی گرفتاری سے پہلے ریکارڈ کرائی گئی ویڈیو اپ لوڈ کردی گئی ہے۔
عمران ریاض نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ یہ ویڈیو اس وقت ریلیز کی جا رہی ہے جب وہ گرفتار ہو چکے ہیں، ہوسکتا ہے کہ انہیں مار دیا جائے۔ صحافی کا کہنا تھا کہ اگر اب سے پانچ گھنٹے بعد انہیں رہا نہ کیا گیا تو ان کے یوٹیوب چینل پر ایک ایسی ویڈیو اپ لوڈ کی جائے گی کہ تہلکہ مچ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ گھنٹے بعد یہ ویڈیو اپ لوڈ کی جائے گی جس میں وہ ایک ایک بندے کا نام لیں گے، صرف پانچ گھنٹے کا انتظار کریں۔
خیال رہے کہ عمران ریاض کو گرفتار کیا گیا ہے، انہیں اٹک پولیس کی جانب سے گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتاری سے قبل عمران ریاض نے گاڑی میں ہی ایک ویڈیو ریکارڈ کروائی جس میں انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، ان کے اسلحہ لائسنس لیے گئے اور اب ایک ہی چیز یعنی گرفتاری باقی رہ گئی تھی، وہ بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے صحافیوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا کام کرتے رہیں۔