نوازشریف میرے لیڈرتھے، فوری طورپر بلدیاتی انتخابات کرائیں ، تحریک انصاف فرینڈلی اپوزیشن نہیں ہوگی: مخدوم جاوید ہاشمی

نوازشریف میرے لیڈرتھے، فوری طورپر بلدیاتی انتخابات کرائیں ، تحریک انصاف ...
نوازشریف میرے لیڈرتھے، فوری طورپر بلدیاتی انتخابات کرائیں ، تحریک انصاف فرینڈلی اپوزیشن نہیں ہوگی: مخدوم جاوید ہاشمی

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءمخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ اختلاف رائے اپنی جگہ لیکن میاں نواز شریف اُن کے لیڈر تھے اور ہیں،حکومت اچھے اقدامات کرے گی تواُن کے ساتھ ہوں گے لیکن تحریک انصاف فرینڈلی اپوزیشن نہیں ہوگی،حکومت فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کرائے اور لاپتہ افراد کی مسخ شدہ لاشوں کا سلسلہ بند ہوناچاہیے ۔ وزارت عظمیٰ کے انتخاب کے بعداسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار جاوید ہاشمی نے کہاکہ میاں محمد نواز شریف کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے، پاکستان کے اقتدار اعلیٰ کے لئے نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہونگے،دعا کرتا ہوں کہ پاکستان میں جمہوریت کا عمل جاری رہے۔ تحریک انصاف اختلاف برائے اختلاف پر یقین نہیں رکھتی، ہم ملکی سا لمیت کے لئے حکومت کے ساتھ کھڑے ہوں گے،صحیح فیصلوں میں حکومت کا ساتھ دیں گے لیکن غلط کام پر ہماری مخالفت بھی شدید ہوگی اورہماری جماعت اس وقت تک پیچھے نہیں ہٹے گی جب تک معاملات درست نہ کر دیئے جائیں، جہاں پاکستان کے عوام کے مسائل کا حل تلاش نہیں کیا گیا وہاں ہم جنگ کریں گے۔اُنہوں نے کہاکہ تحریک انصاف فرینڈلی اپوزیشن ثابت نہیں ہوگی، 14 سال بعد نواز شریف اسی نشست پر بیٹھے ہیں جہاں سے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ کامیابی پر میاں محمد نواز شریف اور ان کی جماعت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ا±مید کرتا ہوں کہ پاکستان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے نئی حکومت بھرپور اقدامات اٹھائے گی۔انہوں نے پاکستان میں فوری طورپر بلدیاتی انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو طاقت چھوٹے صوبوں سے ملے گی، بلوچستان میں مسخ شدہ لاشیں نہیں چاہتے۔ جاوید ہاشمی نے کہاکہ دنیا جانتی ہے کہ عمران خان نے جو ایک نعرہ لگایا تھا وہ پاکستان کو تبدیلی کی طرف لے آیا ہے، تمام تر تحفظات کے باوجود انتخابات میں نواز شریف کی کامیابی پاکستان کی کامیابی کے ساتھ منسوب ہو چکی ہے۔

مزید :

اسلام آباد -اہم خبریں -