مقبوضہ کشمیر،این آئی اے کے چھاپوں کا مقصد معیشت کو نقصان پہنچانا ہے،کشمیری تاجران

مقبوضہ کشمیر،این آئی اے کے چھاپوں کا مقصد معیشت کو نقصان پہنچانا ہے،کشمیری ...

سرینگر (اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں تاجروں نے بھارت کے تحقیقاتی ادارے’’ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی ‘‘کی طرف سے چھاپوں کوتاجر برادری میں خوف و دہشت پیداکرنے کی کوشش قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیرکے اقتصادی مفادات کو نقصان پہنچانے کی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری تاجروں کی تنظیم کشمیر اکنامک الائنس کے چےئرمین محمد یاسین خان ایک بیان میں کہاکہ چھاپوں سے تاجر برادری خوفزدہ ہے اور یہ کشمیری تاجروں کو بدنام کرنے اور ان میں خوف و دہشت پیدا کرنے کی سازش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ چھاپے ہمیں اقتصادی طور پر تباہ کرنے کی کوشش ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کی جائز آواز کو دبانے کے لیے تاجروں میں خوف پیدا کرنا چاہتا ہے لیکن ہم بھارتی حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کا متحدہوکر مقابلہ کریں گے۔

کشمیر اکنامک فورم کے چےئرمین شوکت چوہدری نے کہاکہ یہ چھاپے ہمارے کاروباری مفادات کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوشش ہے۔ انہوں نے بھارت کی ٹیلیویژن چینلوں کی متعصبانہ اور جانبدارانہ رپوٹنگ کوافسوسناک قراردیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ چینلزکسی تحقیقات کے بغیر ہماری تجارت کو بدنام کررہی ہیں تاکہ تاجر برادری کے حوصلوں کو توڑ اجاسکے۔

مزید : کامرس