ہیلتھ کونسلوں کو 807ملین جاری ، ہسپتالوں میں یو پی ایس لگائے جائیں گے ۔ ٹھنڈا پانی ملے گا

ہیلتھ کونسلوں کو 807ملین جاری ، ہسپتالوں میں یو پی ایس لگائے جائیں گے ۔ ٹھنڈا ...

لاہور(خبر نگار)صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہاہے کہ پرائمری ہیلتھ کے شعبہ میں حکومت کا فوکس بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام ، روٹین ایمونائزیشن کو فروغ دینا ،سکلڈ برتھ اٹینڈنٹ کے ذریعے ڈلیوریز ،نیوٹریشن کے مسئلے پر قابو پانا اور ہیپا ٹائٹس کی روک تھام ہے جس پر ترجیحی بنیادوں پر کام ہورہاہے ۔ انہو ں نے کہاکہ حکومت نے تمام ہیلتھ کونسلز کو 807ملین روپے کی گرانٹ جاری کردی ہے جس سے ہسپتالوں میں یو پی ایس کی فراہمی ، مریضوں کے لئے ٹھنڈے پانی کا انتظام ،واش روم کی مرمت اور روزمرہ کے اخراجات باآسانی ہوپائیں گی ۔ انہو ں نے اس سلسلے میں 30 جون تک عملدرآمد کرکے رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت کی ۔خواجہ عمران نذیر نے یہ بات مقامی ہوٹل میں ماں بچہ کی صحت ،لیڈی ہیلتھ ورکرز اور نیوٹریشن کے مربوط پروگرام آئی آر ایم این سی ایچ کے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان ، ڈائریکٹر آئی آر ایم این سی ایچ پروگرام ڈاکٹر مختارحسین سید ، ایڈیشنل ڈائریکٹر اختر رشید ملک ، انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ پارٹنرزکے نمائندوں اورمحکمہ پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کے افسران نے شرکت کی ۔خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ دیہی ایمبولنس سروس کا اجراء کیاجاچکا ہے اور اس وقت 193 ایمبولینسز خدمات سرانجام دے رہی ہیں اور مزید 200 ایمبولینسزجلد ہی سسٹم میں شامل کردی جائیں گی ۔ خواجہ عمران نذیر نے ہدایت کی حاملہ خواتین کو ایمرجنسی سروس کی فراہمی کے ساتھ ساتھ لیڈی ہیلتھ ورکرز حاملہ خواتین کو ایمبولینس سروس استعمال کرنے کیلئے رجسٹرڈ بھی کریں تاکہ باقاعدہ اعدادوشمار مرتب ہوسکیں اور ضرورت پڑنے پر بروقت خواتین کو ہیلتھ سنٹر یا ہسپتال منتقل کیاجاسکے ۔سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے کہاکہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی ایس این ای ، سروس بک اور سروس رولز پر عملدرآمد نئے مالی سال سے شروع ہوجائے گا ۔ انہو ں نے ہدایت کی کہ دیہی علاقوں میں تربیت یافتہ برتھ اٹینڈنٹ کے ذریعے زچگیوں کو فروغ دیاجائے تاکہ دوران زچگی ماں بچہ کی اموات پر قابو پایاجاسکے ۔ انہو ں نے کہاکہ اس مقصد کے لئے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹرز ایل ایچ ڈبلیو کے ذریعے خواتین میں شعور اجاگر کرنے کی مہم بھر پور طریقہ سے چلائیں ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر اختر رشید ملک نے بتایا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی جون تک کی تنخواہیں جاری کردی گئی ہیں ۔خواجہ عمران نذیر نے مزید کہاکہ ہیپاٹائٹس کنٹرول کے لئے حکومت نے خطیر فنڈز مہیا کردیئے ہیں اور محکمہ کے افسران اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے زیادہ محنت سے کام کریں ۔ انہو ں نے کہاکہ آئندہ اجلا س میں ڈسٹرکٹ آفیسرز پریونٹوکوبھی بلایاجائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1