قرآن و سنت کا راستہ تر ک کرنے سے امت زوال پذیر ہے،عبدالغفار روپڑی

قرآن و سنت کا راستہ تر ک کرنے سے امت زوال پذیر ہے،عبدالغفار روپڑی

لاہور( سٹی رپورٹر)جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا ہے کہ قرآن و سنت کا راستہ ترک کرنے کی وجہ سے امت مسلمہ زوال کا شکار ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب میں شام،عراق جیسے حالات پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔مسلم دنیا کیخلاف ہونے والی سازشوں کا مقابلہ باہمی اتحاد سے ہی کیا جاسکتا ہے۔ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندزوں نے رمضان المبارک میں مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ماہ مقدس کے آغاز سے ہی مہنگائی کا طوفان اُٹھ کھڑا ہوا ہے،ملک میں جب تک اسلامی نظام کا نفاذ نہیں ہو گا مہنگائی اور دیگر بحرانوں پر قابو نہیں پایا جا سکے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر حافظ عبدالوھاب رروپڑی اور مولانا شکیل الرحمن ناصرسمیت دیگربھی موجود تھے ۔حافظ عبدالغفارروپڑی نے مزید کہا کہ عوام کی خدمت کا دعویٰ کرنے والے حکمران اور انتظامیہ صرف سستے اور رمضان بازاروں کے نام پر سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچا رہے ہیں، پھل اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں جو روزداروں کے ساتھ بدترین سلوک ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1