سحری اور افطار میں گشت پر مامور گاڑیوں کی چیکنگ ، ایس ایچ اوز غائب پائے گئے

سحری اور افطار میں گشت پر مامور گاڑیوں کی چیکنگ ، ایس ایچ اوز غائب پائے گئے

لاہور( خبرنگار) صوبائی دارالحکومت میں سحری اور افطاری کے دوران 15تھانوں کی حدود میں پولیس کے اعلیٰ حکام کی ہدایات پر سپیشل ٹریکر کے ذریعے چیکنگ کی گئی تو پتہ چلا کہ اے کیٹگری کی مساجد کی سیکیورٹی اور اہ شاہراؤں پر گشت کی ڈیوٹی پر تعینات تھانوں کے ایس ایچ اوز موبائل گاڑیوں پر موجود نہ پائے گئے۔ ڈی آئی جی آفس میں قائم کنٹرول روم (آپس روم) کی رپورٹ کے مطابق متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز غائب پائے گئے۔بتایا گیا ہے کہ تھانیدار خود ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر ماتحت اہلکاروں سے گشت اور مساجد کی سیکیورٹی چیک کروانے میں مصروف پائے گئے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آپس روم کی چیکنگ کے دوران چوکی انچارج بیگم کوٹ گاڑی پر سوار تھے جبکہ ڈی آئی جی آفس کے مرکزی کنٹرول روم نے تھانہ گرین ٹاؤن ، تھانہ باغبانپورہ، تھانہ ہڈیارہ اور تھانہ فیکٹری ایریا سمیت تھانہ ساندہ اور شیرا کوٹ کے ساتھ ساتھ ٹاؤن شپ اور تھانہ ستوکتلہ کی ایس ایچ اوز کو بھی خود گاڑیوں پر موجود نہ پائے گئے ۔گاڑیوں کی مقررہ پوائٹس پر موجودگی نہ پائی جانے پر ڈی آئی جی آپریشن نے سخت نوٹس لے لیا ہے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

مزید : علاقائی