لندن حملوں پر بین الاقوامی ردعمل،دہشت گردحملے پر اظہارافسوس

لندن حملوں پر بین الاقوامی ردعمل،دہشت گردحملے پر اظہارافسوس

نیویارک(این این آئی)عالمی رہنماؤں کی جانب سے برطانوی دارالحکومت لندن میں گزشتہ شب ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی جا رہی ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل سمیت یورپ اور دنیا بھر کے رہنماؤں نے ان حملوں پر افسوس ظاہر کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اتوار کی صبح لندن حملوں پر اپنے ردعمل میں کہا کہ جرمنی اس موقع پر لندن کے رہنے والوں کے ساتھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں لندن حملوں کا سن کر انتہائی افسوس ہوا۔ ہم آج خوف اور دہشت کے سائے میں ہیں، جو ہر سرحد سے بالا ہے مگر اسے کے خلاف متحد اور پرعزم ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ ہم ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہیں اور پورے عزم کے ساتھ برطانیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے ان حملوں کو ’بزدلانہ‘ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ لندن حملوں میں زخمی ہونے والوں میں دو فرانسیسی شہری بھی شامل ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ فرانس دہشت گردی کے خلاف پوری قوت سے اپنی لڑائی جاری رکھے گا۔یورپ کا دورہ کرنے والے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی لندن حملوں پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک ’دھچکا‘ قرار دیا ۔اپنے ایک مختصر بیان میں انہوں نے ان حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمی ہونے والوں کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دوسری جانب لندن حملوں کے فوری بعد اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے چھ مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کے ہدایات نامے پر عمل درآمد نہایت ضروری ہے۔ ’’سلامتی کی بہتر سطح کے لیے ہمیں سفری پابندیوں پر عمل درآمد کی ضرورت ہے۔اپنے ایک اور ٹوئٹر پیغام میں ٹرمپ نے کہاکہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ خدا آپ کی حفاظت کرے۔

مزید : عالمی منظر