کابل حملے افغانستان ہی نہیں پاکستان کیلئے بھی باعث تشویش ہیں، ملیحہ لودھی

کابل حملے افغانستان ہی نہیں پاکستان کیلئے بھی باعث تشویش ہیں، ملیحہ لودھی

واشنگٹن (آن لائن)اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے کابل حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی کی صورت حال میں تیزی سے رونما ہونے والا بگاڑ صرف افغانستان کے لیے ہی نہیں بلکہ پاکستان کیلیے بھی باعث تشویش ہے۔ امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں اضافے سے یہ نشاندی ہوتی ہے کہ علاقے میں داعش کے اثر و رسوخ میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے بارے میں ہم کافی عرصے سے فکر مند تھے۔ دہشت گرد گروپ کی جانب سے کابل کے گرین زون میں بڑا حملہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ اس کے اندرونی حلقوں میں رابطے موجود ہیں جو بذات خود تشویش کی بات ہے۔ ان حملوں کے پیچھے ان عناصر کا ہاتھ ہے جو امن اور مفاہمت کی ازسر نو کی جانے والی کوششوں کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں اور جو امن نہیں چاہتے۔انہوں نے افغان حکومت کے طرزعمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افغان حکومت کو پاکستان پر الزام دھرنے کی بجائے اس بڑھتے ہوئے خطرے کا مقابلہ کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ ہم مدد دینے کو تیار ہیں لیکن افغانستان کو اپنے اندرونی مسائل کو باہر سے منسوب کرنے کا رویہ ترک کرنا ہوگا۔ دہشت گردی اور انتہاپسندی مشترکہ دشمن ہے اور اس سے نجات کے لیے اس کے خلاف مل کر لڑنے کی ضرورت ہے۔ ان حملوں کے لیے وقت کا انتخاب یہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ ان لوگوں کا کام ہے جو یہ یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ امن بات چیت کی نئی کوششوں کا آغاز نہ ہوسکے۔

مزید : صفحہ آخر