سندھ بھر میں پتنگ بازی پر پابندی عائد کی جائے ،رضاہارون

سندھ بھر میں پتنگ بازی پر پابندی عائد کی جائے ،رضاہارون

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاک سرزمین پارٹی کے سیکریٹری جنرل رضاہارون نے گزشتہ روز نیو کراچی میں پی ایس پی کے عہدیدار کاشف خان کے چھ سالہ صاحبزادے محمد باسم خان کی پتنگ کی ڈور گلے میں پھنس کر ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 3 جون شام ساڑھ چھ بجے کاشف اپنی بیگم اور بیٹے کے ہمراہ افطار سے قبل سودا لینے موٹرسائیکل پر مارکیٹ جا رہے تھے جب کالا اسکول، سحرسینٹر خیام اسٹاپ ، نیوکراچی کے نزدیک اچانک پتنگ کی ڈور آگے بیٹھے باسم کے گلے کو چیرتی ہوئی نکل گئی۔ باسم کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا لیکن مناسب طبی امداد میسر نہ ہونے کی وجہ سے باسم جانبر نہ ہو سکا۔رضاہارون نے حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے اس اندوہناک واقعہ پرلاپرواہی برتنے اور خاندان کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہ کرنے کی بھرپور مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب تو معصوم ننھا باسم زخمی ہونے کے بعد تڑپ تڑپ کرمناسب طبی امداد نہ ملنے کے باعث اپنی جان سے گیا اور دوسرے جانب حکومت اور انتظامیہ کا عمل انتہائی شرمناک اور افسوسناک ہے۔ انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کا نوٹس لے، غمزدہ خاندان سے رابطہ کر کے ان کی داد رسی کی جائے ، ہر ممکن تعاون کرے اور انتظامیہ کہ لاپرواہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی تشویشناک اور بے حسی کی انتہا کہ وہ ایسے حادثات کی روک تھام کیلئے کوئی مناسب اقدامات اٹھاتے نظر نہیں آتے۔ انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں خطرناک پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی محمد باسم خان کی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دے گی اور مستقبل میں ایسے حادثات کو روکنے کیلئے وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلی سندھ سے مطالبہ کرتی ہے کہ مزید کسی ایک بھی بچہ یا شہری کو پتنگ بازی اور اس کے نتیجے میں پیش آنے والے حادثات سے محفوظ رکھنے کیلئے پتنگ بازی پر پابندی کیلئے فوری اعلانات اور اقدامات کرے۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ باسط کے پیش آنے والے حادثے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور اس کے ذمہ داروں کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے۔سیکریٹری جنرل رضاہارون، سینئروائس چیئرمین ڈاکٹرصغیراحمد، ممبر نیشنل کونسل سیدمبشرامام، کراچی ڈویژن اور دیگر تمام علاقائی عہدیداروں وکارکنان نے گزشتہ رات باسط کی تدفین میں شرکت کی اور ان کے والد اور اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پارٹی چیئرمین سید مصطفی کمال اور صدر انیس قائم خانی کی جانب سے بھی دلی تعزیت، دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر