یووراج سنگھ کی بیٹنگ کے سامنے خود کو کلب کرکٹر سمجھ رہا تھا : بھارتی کپتان ویرات کوہلی
برمنگھم (ڈیلی پاکستان آن لائن ) بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف یووراج سنگھ کی بلے بازی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یووراج کی بیٹنگ کے سامنے وہ اپنے آپ کو کلب کرکٹرسمجھ رہا تھا۔
”دی ٹائمز آف انڈیا “ کے مطابق میچ جیتنے کے بعد پریس کانفرنس کے دوران ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف 32گیندوں پر 53رنز بنانے والے ال راﺅنڈر یووراج سنگھ کے حوالے سے مزید کہا کہ جب میں سکور نہیں کر پا رہا تھا اس وقت یووراج نے پریشر کو کم کیا اور جس طرح وہ پاکستانی گیند بازوں کی دھلائی کر رہا تھا مجھے لگ رہا تھا کہ میں اس کے سامنے کلب کرکٹر ہوں ۔
کوہلی نے کہا کہ ان کی ٹیم نے پریکٹس میچوں سے اپنا اعتماد بحال کیا اور پاکستان کے خلاف میچ میں انکی بلے بازی اور گیند بازی بہت اچھی تھی مگر فیلڈنگ میں بہتری کی ضرورت ہے ۔”ہمیں بہترین ٹیموں کیخلاف سخت مقابلے کیلئے اپنی فیلڈنگ کو مضبوط کرنا ہو گا “۔
پاکستان کے خلاف مین آف دی میچ کا ایوارڈ لینے والے یووراج سنگھ کا کہنا تھا کہ پاکستانی فیلڈرز نے انہیں چانس دیے جس کا انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا ۔”میرا خیا ل ہے کہ ہم سب نے اچھی بیٹنگ کی “۔ یووراج کا کہنا تھا کہ پاکستان کیخلاف جیت نے سیریز میں انہیں اچھا سٹارٹ ملا ، میچ کے دوران ویرات کوہلی بھی ڈٹے رہے جس نے مجھے موقع دیا کہ پاکستانی باﺅلرز پر اٹیک کر سکوں ۔”کھلاڑی کو بال ٹو بال کھیل کر مخالف ٹیم کو بتانا ہوتا ہے کہ آپ یہاں اٹیک کرنے آئے ہیں “۔