پاکستان کی شاندار جیت ،ملکی غیر ملکی کرکٹرز قومی ٹیم کے معترف

پاکستان کی شاندار جیت ،ملکی غیر ملکی کرکٹرز قومی ٹیم کے معترف

  

لاہور،نوٹنگھم (سپورٹس رپورٹر،آئی ا ین پی)پاکستان کی ٹیم نے جس طرح سے واپسی کی وہ قابل تعریف ہے اور امید ہے کہ اب اگلے میچز میں بھی پاکستان کی ٹیم اسی طرح سے حریف ٹیموں کے خلاف محنت سے کھیلتے ہوئے کامیابیاں سمیٹے گی ان خیالات کا اظہا ر پاکستان کے سابق کرکٹرز نے کیا سابق کپتان اور مایہ ناز فاسٹ باﺅلر شعیب اختر نے کہا کہ اتنے میچز ہارنے کے بعد ایک میچ جیتنے کی ضرورت تھی اور پاکستان نے وہ میچ جیت لیا ہے نمبر ون ٹیم انگلینڈ کے خلاف جس طرح سے پاکستان کے کھلاڑیوں نے پرفارم کیا اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے امید ہے کہ سر ی لنکا کے خلاف میچ میں بھی پاکستان کی ٹیم اسی جوش وجذبہ کے ساتھ میدان میںاترے گی پاکستانی بیٹنگ نے کمال کردیا اور باﺅلرز نے بھی خوب عمدہ پرفارمنس دی اس حوالے سے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی ٹیم کو جس جیت کی تلاش تھی وہ اس کو مل گئی ہے اور امید ہے کہ یہ سلسلہ اسی طرح سے چلتا رہے گا انہوں نے کہا کہ تمام شعبوںمیں پاکستان کی کارکردگی نے دل جیت لئے اب امید ہے کہ پاکستان کی ٹیم اپنے دیگر میچز میں بھی کامیابی حاصل کرے گی اس حوالے سے سابق کپتان محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم نے بہت اچھا کھیل پیش کیا جس کی تعریف کی جانی چائیے ٹیم نے عوام کو عید کا تحفہ دیا ہے سری لنکا کے خلاف بھی ٹیم اسی اچھی پرفارمنس کو برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی امید ہے کہ پاکستان سیمی فائنل تک ضرو ر رسائی حاصل کرے گا اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سکندر بخت اور محمد وسیم نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم نے بہت اچھا کم بیک کیا ہے اس وقت ایسی ہی کامیابی کی ضرورت تھی امید ہے کہ اسی طرح سے اب ٹیم متحدہوکر کھیلے گی اور ٹیم حریف ٹیموں کو بھی چت کرے گی سری لنکا کےخلاف میچ بہت اہمیت کا حامل ہےپاکستان کی انگلینڈ کےخلاف شاندار فتح پر جہاں ملک سمیت ہر جگہ بسنے والے پاکستانی خوش ہیں اور پاکستان کی تعریفیں کر رہے ہیں وہیں غیرملکی سابق،موجودہ اورلیجنڈ کرکٹرز بھی پاکستان کی کارکردگی کی خوب تعریفیں کررہے ہیں۔ویسٹ انڈیز ٹیم کے کھلاڑی کرس گیل نے پاکستان کی جیت کے بعد سوشل میڈیا پر لکھا کہ پاکستان نے شاندار کم بیک کیا۔سابق ویسٹ انڈیز کرکٹر اور کمنٹریٹر آین بشپ نے سرفراز احمد کی خوب تعریف کی اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ سرفرازکے پاس بہترین اعتماد اور اندرونی طاقت ہے۔ ہرشل گبس نے بھی سوشل میڈیا پر پاکستان ٹیم کی تعریف کی۔سابق انگلش کرکٹر مائیکل وان نے پاکستان ٹیم کی کارکردگی کو بہترین قرار دیا۔انہوں نے لکھا کہ پاکستان جیت کا مستحق تھا۔بھارت کے سابق بیٹسمین وی وی ایس لکشمن نے پاکستان کو شاندار فتح پر مبارکباد دی۔انہوں نے لکھا کہ پاکستان نے مشکل اور مضبوط ٹیم کےخلاف بہت ہی عمدہ کارکردگی دکھائی۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر وریندر سہواگ نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کی تعریف اور حوصلہ افزائی کی ہے۔

ٹوئٹ کرتے ہوئے سابق کرکٹر نے اپنے پیغام میں لکھا کہ پاکستا نی ٹیم غیر متوقع کھلتی ہے اور اتار چڑھاو کی ایک مثال ہے،پاکستان کےلئے آج بہت بڑی کامیابی ہے ،ویسٹ انڈیز سے میچ ہارنے اورفہرست میں نیچے آنے کے بعدکامیابی سے ٹاپ پر آگئے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے سنسنی خیز مقابلے کے حوالے سے لکھا آخر کار ورلڈکپ کا سب سے دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -