پنجاب میں کمیونٹی پولیسنگ کی بنیاد رکھی جا چکی،آئی جی عارف نواز خان
لاہور(کر ائم رپورٹر)آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں کمیونٹی پولیسنگ کی بنیاد رکھی جا چکی ہے اور اس سلسلے میں نہ صرف عوامی خدمت سے متعلقہ اہم پراجیکٹس کو آپریشنل کیا جا چکا ہے بلکہ ان سے حاصل ہونے والے نتائج کی مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس سروسز کی ڈیلوری اور عوامی خدمت کے حوالے سے جدید بنیادوں پر قائم کئے گئے پنجاب پولیس کے پراجیکٹس سے حاصل ہونے والے نتائج اور فیڈ بیک اس قدر حوصلہ افزا ء ہے کہ ان پر ملکی و غیر ملکی ادارے باقاعدہ تحقیقی کام شروع کر چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ اور عوامی خدمت کا یہ سفر اسی طرح جاری رہے گا۔