ماضی میں شوبازیوں ہوتی رہیں،برسوں کی خرابیاں دور کرنے میں وقت لگے گا:عثمان بزدار

ماضی میں شوبازیوں ہوتی رہیں،برسوں کی خرابیاں دور کرنے میں وقت لگے گا:عثمان ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ماضی میں شو بازیاں ہوتی رہیں اور جعلی کام کئے گئے اورصوبے کے عوام کی اصل ترجیحات کو بری طرح سے نظر انداز کیاگیا۔ سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث صوبے کے عوام آج بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ماضی کی خرابیوں کو درست کررہی ہے اوربرسوں کی خرابیاں دورکرنے میں وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوئی اورایجنڈا لے کر نہیں آئے، صرف صوبے کے عوام کی بے لوث خدمت کررہے ہیں اور صوبے کے عوا م کی خدمت کیلئے دن رات ایک کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی مفادات کی سیاست کبھی کی ہے اور نہ کریں گے،صرف اورصرف ملکی مفادات کوعزیز سمجھتے ہیں۔عیدالفطر پرون ویلنگ کی روک تھام کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ون ویلنگ کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ون ویلنگ کی شکایت سامنے آنے پر متعلقہ پولیس افسر کیخلاف کارروائی ہوگی جبکہ ون ویلنگ کرنیوالوں کو قانون کے تحت سزا ملے گی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارکی جانب سے پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کی سزاؤں میں 2ماہ کی خصوصی معافی کے اعلان پر عملدرآمدکرتے ہوئے جیلوں سے 51قیدیوں کو بھی رہاکردیاگیا۔سیاحتی شہروں میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ عیدالفطر پر مری اور دیگر تاریخی و تفریحی مقامات کے اردگرد ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہاکہ صوبے بھرکے تمام شہروں میں ٹریفک پولیس ٹریفک کے بہاؤ کو رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا جائے اور سینئرپولیس افسران ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کریں۔جماعت اسلامی کے رہنماء ڈاکٹر وسیم اختر کے انتقال پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اورسوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔سینئر عامر خاکوانی کی والدہ کے انتقال پروزیراعلیٰ پنجاب نے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا ہے۔وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی روح کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

عثمان بزدار 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -