عیدالفطر محبت پھیلانے کا درس دیتی ہے،غلام مرتضیٰ بلوچ

  عیدالفطر محبت پھیلانے کا درس دیتی ہے،غلام مرتضیٰ بلوچ

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزراء غلام مرتضیٰ بلوچ، مکیش کمار چاولہ اور وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے اپنے ہم وطنوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کی ترقی، خوشحالی، سلامتی، بھائی چارگی اور امن وامان کے لئے خصوصی دعائیں کی ہیں۔ یہاں جاری ہونے والے اپنے علحیدہ علحیدہ بیانات میں انہوں نے کہا کہ عیدالفطر خوشیوں بھرا تہوار ہے اور یہ ہمیں رواداری، بھائی چارگی اور محبت پھیلانے کا درس دیتا ہے۔ ہمیں آپس کے اختلاف بھلا کر پاکستان کی ترقی اور سالمیت کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر مسلمان بھائیوں کو چاہیئے کہ وہ اس خوشی کے تہوار میں پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں اور خاص کر سندھ میں بسنے والی اقلیتوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں کیونکہ ملک کی ترقی اور استحکام میں اقلیتوں کا کردار نہایت اہم ہے۔ صوبائی وزیر برائے محنت اور افرادی قوت غلام مرتضیٰ بلوچ نے کہا کہ خوشی کے اس تہوار کے موقع پر مزدوروں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ حکومت سندھ نے مزدوروں کی خوشحالی اور ان کے خاندانوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے آجروں سے بھی درخواست کی کہ وہ مزدوروں میں خوشیاں بانٹنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ یہ طبقہ بھی عیدالفطر کی خوشیاں سمیٹ سکھیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر خصوصی افراد کو ان خوشیوں میں شریک کرنا ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے اور ان کی شمولیت کے بغیر عیدالفطر کی خوشیاں مکمل نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہم سب کو پاکستان کی ترقی، سالمیت، استحکام اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی چاہیے. صوبائی وزراء غلام مرتضیٰ بلوچ، مکیش کمار چاولہ اور وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ عیدالفطر کے خوشی کے موقع پر ہمیں قانون نافذ کرنے والے ان اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جنہوں نے اس مادر وطن کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -