عید کا پہلا روز ،قابض بھارتی فوج کے مظالم کم نہ ہو سکے،مقبوضہ وادی نہتے کشمیریوں کے لہو سے لال ہو گئی

عید کا پہلا روز ،قابض بھارتی فوج کے مظالم کم نہ ہو سکے،مقبوضہ وادی نہتے ...
عید کا پہلا روز ،قابض بھارتی فوج کے مظالم کم نہ ہو سکے،مقبوضہ وادی نہتے کشمیریوں کے لہو سے لال ہو گئی

  

سری نگر(ڈیلی پاکستان آن لائن)مقبوضہ کشمیر میں عید کے روز بھی قابض بھارتی فوجیوں نے مظلوم کشمیریوں کے لہو سے وادی کو ’’لال ‘‘ کر دیا، قابض فوج کے بدترین مظالم بھی کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبا نہ سکے ،عید الفطر انتہائی عقیدت اور جوش و خروش سے منایا گیا ،نماز عید کے بڑے اجتماعات دیکھ کر بزدل بھارتی فوج آپے سے باہر ہو گئی ،نماز عیدین کے اجتماعات کے بعد کئی مقامات پر آزادی کے متوالوں اور بزدل بھارتی فوج کے درمیان جھڑپیں،درجنوں کشمیری زخمی ۔

تٖصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں عیدالفطر کا دینی تہوار کشمیریوں نے پورے جوش و خروش سے منایا، نماز عیدین کے اجتماعات کے بعد درجن سے زائد مقامات پر آزادی کے حامی مظاہرین اور  قابض سیکیورٹی فورسزکے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئیں،جن میں متعدد کشمیری زخمی ہو گئے جبکہ ان جھڑپوں میں قابض سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے ۔سری نگر کے پائین شہر کی تاریخی و مرکزی جامع مسجد کے باہر عید کی نماز کی ادائیگی کے بعد کشمیری  نوجوانوں نے آزادی کے نعرے لگائے تو قابض سیکیورٹی فورسز نے نہتے کشمیریوں پر حملہ کر دیا ،قابض سیکیورٹی فورسز نے مظلوم کشمیریوں کے خلاف بے دریغ لاٹھی چارج ،آنسو گیس اور چھرے والی بندوقوں کا اندھا دھند استعمال کیا جس سے کئی کشمیری نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔  اننت ناگ اور کپواڑہ اضلاع میں بھی عیدالفطر کی نماز کے بعد احتجاجی نوجوانوں کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں،یہاں بھی قابض فورسز نے آنسو گیس اور پلیٹ گنز کا بے دریغ استعمال کیا جس سے کئی کشمیری زخمی ہوگئے ۔ قابض کٹھ پتلی انتظامیہ نے عید کے روز وادی میں ریل سروس معطل رکھی ۔دوسری طرف 

 حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میرواعظ مولوی عمر فاروق نے سری نگر کی تاریخی و مرکزی جامع مسجد میں اپنا معمول کا خطبہ دیا اور عید کی نماز ادا کی۔انہوں نے قابض فورسز کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے حوصلوں کو تشدد سے دبایا نہیں جا سکتا ۔مقبوضہ  کشمیر میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع تاریخی جامع مسجد اور شہر آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوا  جہاں لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے نماز عید ادا کی۔ 

مزید :

قومی -علاقائی -آزاد کشمیر -مظفرآباد -