ٹڈی دل پر قابو پانے کیلئے بھر پور اقدامات کرنا ہوں گے: عثمان بزدار

      ٹڈی دل پر قابو پانے کیلئے بھر پور اقدامات کرنا ہوں گے: عثمان بزدار

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حکم دیا ہے کہ ٹڈی دل پر کنٹرول کرنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل اور اقدامات بروئے کارلائے جائیں اور کسانوں کی فصلوں کو نقصان سے بچایاجائے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کاحکم د یتے ہوئے کہاکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی، عوام کو کورونا سے بچانے کیلئے ہر ممکن انتظامی اقدام اٹھائیں گے جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مارکیٹوں اور بازاروں کو سیل کردیاجائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز رحیم یار خان،روجھان اورگڑھی چاکراورمیرپور ماتھیلوکے دورہ کے دوران رحیم یار خان ائیر پورٹ پر اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں میں کورونا اور ٹڈی دل پر قابو پانے کے حوالے سے حکومتی اقدامات کاجائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کورونا اور ٹڈی دل سے نمٹنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور اس ضمن میں حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کورونا ہو یا ٹڈی دل،اپنے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں -،میں خود شہر شہر جا کرصورتحال کا جائزہ لے رہاہوں اور موقع پر ہی فیصلے کئے جاتے ہیں،عوام سے اپیل ہے کہ وہ احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔انہوں نے کہاکہ ہدایات پر عمل نہ کرنے پر متعلقہ کاروباری اداروں اور افراد کے خلاف قانون کے تحت کارروائی ہوگی-تاجر،دکاندار، ٹرانسپورٹ،ٹریڈر ایسوسی ایشنز کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے حکومتی اقدامات کا بھرپور ساتھ دیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ بہاولپور ڈویژن میں ڈینگی کے خدشے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ بہاولپور میں ٹڈی دل سے بچاؤ کیلئے موثر اقدامات کئے گئے۔گندم ذخیرہ کرنیوالے سماج دشمن عناصر کے خلاف 118ایف آئی آر درج کر کے 6666میٹرک ٹن گندم برآمد کی گئی۔ اجلاس میں ایم این اے جاوید اقبال وڑائچ کے مرحوم والد مرحوم اور عامر نواز چانڈیہ کے مرحوم بیٹے کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔بعدازاں وزیراعلی عثمان خان بزداررحیم یار خان کے دورے کے بعد ضلع راجن پورکی تحصیل روجھان پہنچے اور سابق ایم پی اے مقتول سردار عاطف مزاری کے بھائی سردار شمشیر علی مزاری کی رہائش گاہ پر گئے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مقتول سردار عاطف مزاری کے خاندان سے تعزیت کااظہار کرتے ہوئے سردار عاطف مزاری کے قتل کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کااظہارکیا،مرحوم سردار عاطف مزاری کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی اور غمزدہ خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعاکی۔ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری، مشیر حنیف پتافی،رکن پنجاب اسمبلی سرداراحمد علی دریشک اور قبائلی عمائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔بعدازاں وزیراعلیٰ عثمان بزدارصوبہ سندھ کے علاقے گڑھی چاکر،میر پورماتھیلو پہنچے اور سردار رحیم بخش بزدار کی رہائش گاہ پر گئے-وزیراعلیٰ نے سردار رحیم بخش بزدار سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کااظہار کیا اور مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے گڑھی چاکر میں قبائلی عمائدین اورمعززین علاقہ نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں صوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے پہلے بلوچستان گیا اب سندھ آیا ہوں۔انہوں نے کہاکہ ہم سب ایک لڑی میں پروئے ہوئے ہیں لہٰذاصوبوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے خیبر پختونخوا بھی جاؤں گا۔انہوں نے کہاکہ پسماندہ علاقوں کی ترقی میرا اولین مشن ہے اورجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کیلئے پیش رفت جاری ہیعلاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کورونا وائرس کے باعث شہید ہونے والے سروسز ہسپتال کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر حافظ مقصودکی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ ڈاکٹر حافظ مقصود نے فرائض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا بلند رتبہ پایا۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرز،نرسز اورپیرا میڈیکل سٹاف کورونا کے خلاف جنگ میں ہمارا ہراول دستہ ہیں۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے تحریک انصاف علماء و مشائخ ونگ کے رہنما ڈاکٹر مختار کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیاہے۔وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

سردارعثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -