حکومت کی شہبا ز شریف، بلاول بھٹو کو بھارت اور کشمیر کے معاملی پر بریفنگ کی پیشکش
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)حکومت نے بھارت اور کشمیر کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور بلاول بھٹو کو دفتر خارجہ میں بریفنگ دینے کی پیشکش کردی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ دعوت دیتے ہیں شہباز شریف اور بلاول دفتر خارجہ آئیں ں وہ انہیں خطے کی بدلتی صورتحال اور بھارتی عزائم پر بریفنگ دیں گے، اگر وہ نہیں آسکتے تو مجھے بلائیں، میں ان کے پاس جانے کو تیار ہوں،کیوں کہ قومی معاملات پر نہ میری کوئی انا ہے نہ ضد، اہم نوعیت کے مسئلے پر قومی اتفاق رائے ہونا چاہیے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے ارادے اور طرح کے ہیں، وہ بہانے تلاش کررہا ہے، بھارت فالس فلیگ آپریشن کا جواز پیدا کرنا چاہ رہا ہے، بھارتی حکومت کا اپنے ایجنڈے پر کاربند رہنا، خطے کے امن و سکون کو متاثر کرسکتاہے۔ دریں اثناپاکستان میں ازبک سفیر فرقات صدیقوف نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے الوداعی ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، اقتصادی سفارت کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے پاکستان میں اپنا عرصہ تعیناتی کامیابی اور خوش اسلوبی کے ساتھ مکمل کرنے پر ازبک سفیر فرقات صدیقوف کو مبارکباد پیش کی۔وزیر خارجہ نے پاکستان اور ازبکستان کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ازبک سفیر کی خدمات کو سراہا۔وزیر خارجہ نے ازبک سفیر فرقات صدیقوف کو بطور نائب وزیر خارجہ ازبکستان تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ آپ کے اس منصب پر فائز ہونے سے پاک ازبک تعلقات کو مزید وسعت ملے گی اور کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔دوران ملاقات پاکستان اور ازبکستان کے مابین تجارتی تعاون کے فروغ کے حوالے سے خصوصی تبادلہ خیال ہوا۔ازبک سفیر نے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ ازبکستان پاکستان سے بیس ہزار میٹرک ٹن آلو خریدنے کا خواہاں ہے۔ ازبک سفیر نے کہاکہ ازبکستان، پاکستان کی کاٹن انڈسٹری کی معاونت اور معیاری کپاس کی پیداوار کیلئے پاکستان کے ساتھ معاہدے کیلئے تیار ہے
پیشکش