شہر قائد میں آندھی کے باعث 5افراد جاں بحق اور متعدد زخمی، 75بھینسیں جل کر ہلاک

  شہر قائد میں آندھی کے باعث 5افراد جاں بحق اور متعدد زخمی، 75بھینسیں جل کر ...

  

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) شہر قائد میں آندھی کے سبب مختلف علاقوں میں دیوار اور گھر کی چھتیں گرنے سے خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق اور ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے، سرجانی ٹاون میں باڑوں میں آتشزدگی سے 75 بھینسیں جل کر مرگئیں اور کئی علاقوں میں بجلی بند ہوگئی، شہر میں چلنے والی طوفانی اور گرد آلود ہواوں سے گھروں کی چھتیں اڑ گئیں اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے جس کے باعث خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق اور ایک درجن سے زائد زخمی ہوگئے۔ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ طوفانی ہواوں سے سعدی ٹاون بلاک 5 میں گھر کی دیوار گرنے کے نتیجے میں 60 سالہ ضمیرہ خاتون جاں بحق ہوگئی، سرجانی ٹاون کے علاقے لیاری تیسر ٹاون میں تیز ہواوں کے باعث گھر کی چھت گرنے سے 45 سالہ وسیم جاں بحق ہوگیا۔گلستان جوہر کے علاقے بلاک 13 میں گھر کی دیوار گرنے سے 15 سالہ فرحان جبکہ گلشن معمار کے علاقے فقیر گوٹھ میں بھی دیوار گرنے سے 42 سالہ سعید نامی شخص جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔اسی طرح سپر ہائی وے ناگوری سٹاپ کے قریب سائن بورڈ گرنے کے نتیجے میں 22 سالہ فیصل جاں بحق ہوگیا، اطلاع ملنے پر ایدھی کے رضا کاروں نے سخت جدوجہد کے بعد متوفی کی لاش کو نکال کر ٹول پلازہ پر واقع نجی ہسپتال پہنچایا جہاں۔ متوفی قریبی آبادی کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔طوفانی ہواوں کے دوران سرجانی ٹاون کے علاقے بھینس کالونی میں لگنے والی خوفناک آگ نے کئی باڑوں کو اپنی لپٹ میں لے لیا،جس کے نتیجے میں کئی بھینسیں جل کر مرگئیں اور درجنوں جھلس کر زخمی ہوگئیں۔ صدر ڈیری اینڈ کیٹل فارمر ایسوسی ایشن شاکر عمر گجر کے مطابق آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ درجنوں باڑے لپیٹ میں آگئے اور بھگدڑ مچ گئی، مجموعی طور پر بھینسوں کے 70 باڑے جل کر خاک ہوگئے اور 65 کے قریب بھینسیں جل کر مرگئیں۔مزید برآں شہر میں چلنے والی طوفانی گرد آلود ہواوں نے کے الیکٹرک کی کارکردگی کا پول کھول دیا، شہر کے کئی علاقے نارتھ کراچی، سرجانی ٹاون، فیڈرل بی ایریا، گلشن اقبال، لیاقت آباد، منگھوپیر، شاہ فیصل کالونی ملیر، کورنگی، لانڈھی، بفرزون، شادمان ٹاون، اورنگی ٹاون، میٹروول، گلستان جوہر، پی آئی بی کالونی، اولڈ سٹی ایریا اور گڈاپ سمیت دیگر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ رات گئے تک کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود مختلف علاقوں میں تاحال بجلی بحال نہیں ہوسکی۔اس حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ گرد آلود طوفانی ہواوں کے باعث کچھ مقامات پر احتیاطی طور پر بجلی بند کی گئی خاص طور پر وہ علا قے بند کیے گئے جہاں کنڈے نصب ہیں تاکہ کسی بھی جان لیوا واقعے سے بچا جاسکے جبکہ تیز ہواوں کی وجہ سے جن علاقوں میں بجلی کے تار ٹوٹے ہیں شہری وہاں جانے سے اجتناب برتیں۔

آندھی

مزید :

صفحہ آخر -