وفاق چاہتا ہے کورونا سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ مریں، عذرا پیچوہو

    وفاق چاہتا ہے کورونا سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ مریں، عذرا پیچوہو

  

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہونے کہا ہے کہ وفاق چاہتا ہے لوگ کورونا سے لاکھوں کی تعداد میں مریں۔ سندھ اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے عذرا پیچوہو نے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے، یہ ایسے لڑیں گے کورونا سے؟۔ 13مئی کے بعد جس طرح لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کی گئی اب اس کا نتیجہ بہت برا آرہا ہے، اب صورتحال ہمارے ہاتھ سے نکل رہی ہے، حقیقت یہ ہے کہ ہر گھر سے مریض نکل رہا ہے، ہمارے پاس ہسپتالوں میں بستر کم پڑ رہے ہیں۔ کوئی چاہتا ہے کہ لاکھوں افراد کورونا سے مر جائیں، وزیر اعظم 50 لوگوں کے ساتھ مل کر اجلاس کرتے ہیں، کہتے ہیں کہ کورونا ایک قسم کا زکام ہے، لوگ مکھیوں کی طرح مر جائیں گے تو کیا کریں گے معیشت کا؟۔ وفاقی حکومت نے ہمیں حفاظتی سامان تک نہیں دیا، وفاقی حکومت نے کورونا کو مذاق سمجھا ہے۔ ہم بحران کی طرف جارہے ہیں اور وقت ہاتھ سے نکل چکا ہے۔ مریض ہسپتالوں میں ڈھونڈتے پھریں گے بیڈ نہیں ملے گا۔ یہ یہی چاہتے ہیں کہ لوگ لاکھوں کی تعداد میں مریں، سندھ حکومت کہتی رہی سخت لاک ڈاؤن کیا جائے مگر نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں 19 لیبارٹریز کورونا کا ٹیسٹ کر رہی ہیں، کورونا مریضوں کے علاج کیلئے نجی ہسپتالوں سے معاہدے کیے ہیں۔ ٹیلی ہیلتھ کا نظام قائم کیا ہے، ایمبولینس سروسز اور ہسپتالوں کے درمیان رابطے کا کام بھی کر رہے ہیں۔ کراچی ائیر پورٹ پر محکمہ صحت کا عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ مسافروں کا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے بلکہ ان پر نظر بھی رکھی جا رہی ہے۔عذراپیچوہو نے کہا کہ گھر پر موجود مریضوں کو ٹیلی فون پر مشورے دئیے جا رہے ہیں۔وزیر صحت عذرا پیچوہو نے سندھ اسمبلی میں انگریزی میں پالیسی بیان دیا جس پر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی نصرت سحر عباسی نے احتجاج کیا اور کہا کہ تقریر سندھی یا اردو میں کی جائے۔اپوزیشن اراکین بھی نصرت سحر عباسی کی حمایت میں کھڑے ہوکر بولنے لگے جس پر عذرا پیچوہو اور نصرت سحر عباسی کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔عذرا پیچوہو نے کہا کہ انگریزی زبان بھی ہمارے پاس بولی اور سمجھی جاتی ہے۔

عذرا پیچوہو

مزید :

صفحہ آخر -