ایمر یٹس ایئر لائن کا پاکستان سے دبئی کیلئے پروازیں شروع کرنے کا اعلان

  ایمر یٹس ایئر لائن کا پاکستان سے دبئی کیلئے پروازیں شروع کرنے کا اعلان

  

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ عرب امارات کی ایمریٹس ائیر لائن نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے ہفتہ وار پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ایمریٹس ائیرلائن نے 8 جون 2020 سے دبئی کیلئے ہفتہ وار 14 شیڈول پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جن میں کراچی سے یومیہ ایک پرواز، اسلام آباد سے ہر جمعرات دو پروازیں جبکہ لاہور سے پیر، منگل، جمعرات، جمعہ اور اتوار کو پروازیں روانہ ہوں گی۔ایمریٹس ائیر لائن اپنے جدید بوئنگ 300-777 ای آر جہازوں کے ساتھ سفر کی سہولت پیش کرے گی۔ان پروازوں میں صرف ان ہی مسافروں کو سفر کرنے کی اجازت دی جائے گی جو متحدہ عرب امارات کی حکومت کی طرف سے نافذ کئے داخلے اور اہلیت کے قوانین پر پورے اترتے ہوں گے۔ایمریٹس ائیر لائن پاکستان سے پرواز میں متحدہ عرب امارات کے شہریوں کے ساتھ کارگو بھی دبئی لے کر جائے گی جبکہ دبئی سے پاکستان آنے والی پروازوں پر ائیرلائن کی جانب سے صرف کارگو کو لایا جائے گا۔ اس حوالے سے ایمریٹس کے نائب صدر پاکستان محمد سرحان نے کہا کہ "ہم پاکستان سے دبئی کے لیے مسافروں کی شیڈول پروازوں کے آغاز پر خوش ہیں جس سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں موجود متحدہ عرب امارات کے پاکستانی صارفین اپنے دفاتر، کاروبار اور فیملیز کے پاس واپس جا سکیں گے‘۔انھوں نے بتایا کہ ’ہم پشاور اور سیالکوٹ سے بھی آپریشنز کے آغاز کے لیے پاکستانی حکومت کے ساتھ بھرپور انداز سے کام کر رہے ہیں‘۔ محمد سرحان نے کا کہنا تھا کہ ہم نے متعلقہ حکام کے تعاون کے ساتھ ائیرپورٹ پر حفظان صحت اور حفاظتی اقدامات میں اضافہ کیا ہے، اپنے صارفین، ملازمین اور کمیونٹی کی حفاظت و دیکھ بھال بدستور ہماری اولین ترجیح ہے۔دبئی کے لیے شیڈول پروازوں کی شروعات کے ساتھ ایمریٹس بھرپور انداز سے حکومت پاکستان کے ساتھ کام کر رہا ہے تاکہ وطن واپسی کے خواہش مند پاکستانیوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے سہولت فراہم کی جائے۔ رواں ہفتے ائیرلائن نے متحدہ عرب امارات میں محصور پاکستانی شہریوں کو لانے کے لیے دبئی سے کراچی اور اسلام آباد کے لیے دو خصوصی پروازیں چلائیں۔ ائیرلائن کے کارگو ڈویژن ایمریٹس سکائی کارگو نے ان خصوصی پروازوں میں ضروری سامان پہنچایا جن میں بنیادی ادویات، جلد خراب ہونے والی اشیاء، کپڑا اور کورئیر شپنٹس شامل ہیں۔صحت اور حفاظت کی وجہ سے ان پروازوں پر فراہم کی جانے والی سروسز میں حکومت کے احکامات کے مطابق تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

ایمریٹس

مزید :

صفحہ آخر -