اسٹیل ملز کی بندش ہزاروں خاندان کا معاشی قتل ہے،جام اکرام دھاریجو

        اسٹیل ملز کی بندش ہزاروں خاندان کا معاشی قتل ہے،جام اکرام دھاریجو

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے صنعت وتجارت اور محکمہ امداد باہمی اور انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو فارغ کرنے کی خبر پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کی بندش کا مطلب ہزاروں خاندانوں کا معاشی قتل ہوگا اور وفاقی حکومت کو اس ظالمانہ فیصلے پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جب پوری دنیا کورونا وائرس جیسی آزمائش سے گذر رہی ہے اور پاکستان بھی انہی حالات کا شکار ہے تو ایسے وقت میں جب کہ ملازم پیشہ خاندانوں کو ریلیف دینے کی ضرورت ہے وفاقی حکومت ظالمانہ فیصلے کے ذریعے ہزاروں خاندانوں کو ذہنی اذیت اور معاشی عذاب میں دھکیل رہی ہے۔ صوبائی وزیر برائے صنعت وتجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے مذید کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز ایک قومی اثاثہ ہے۔ ایسے ادارے کو بند کرنے کے بجائے فعال کرنے کی ضرورت ہے تاکہ روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سرکاری اداروں میں ڈاؤن سائزنگ کی مزدور دشمنی کی پالیسی کی ہر سطح پر مذمت کرتی ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع مہیا کئے جائیں تاکہ ملک سے بیروزگاری کم ہو۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ یہ بات قابل افسوس ہے کہ وفاقی حکومت سرکاری اداروں اور کارپوریشنز کو اپنے منظور نظر افراد کو فروخت کرنا چاہتی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -