کورونا سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کاوشیں ضروری،ایڈیشنل آئی جی آپریشنز
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس افسران و اہلکارشہریوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیرفرنٹ لائن پر مصروف عمل ہیں اور اب تک 6شہادتوں کے علاوہ سینکڑوں افسران و اہلکار کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں تاہم پھر بھی فورس کا عزم و حوصلہ بلند ہے اوروہ عوام کے تحفظ کیلئے ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے انفرادی کاوشوں کے ساتھ ساتھ دیگر اداروں کا باہمی تعاون اور مشترکہ کاوشیں نہایت ضروری ہے کیونکہ اس طرح کورونا کے خلاف مصروف عمل فورسز اور ادارے بہتر طریقے سے اپنی خدمات سر انجام دے سکیں گے۔
اور بالاخر احتیاطی تدابیر کو اپنا کر پاکستانی قوم اس مشکل وقت سے نکلنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں ایس کے بی انجینئرنگ اینڈ کنسٹرکشن کے سی ای او کمال ناصر خان سے ملاقات کے دوران کیا۔ کمال ناصر خان نے کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر مصروف عمل پنجاب پولیس کی قربانیوں اورخدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا اور اپنے ادارے کی جانب سے پولیس ملازمین کے استعمال کیلئے ایک لاکھ ماسک اور 500لٹر ہینڈسینیٹائزربھی فراہم کئے۔کمال ناصر خان نے پولیس فورس کی شہادتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ کوروناکے خلاف جاری جدوجہد میں پولیس فورس کا جذبہ اور عزم و حوصلہ دیگر اداروں کیلئے بھی قابل تقلید ہے۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز انعام غنی نے حفاظتی سامان کی فراہمی پر آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی جانب سے ایس کے بی انجینئرنگ اینڈ کنسٹرکشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ یہ فیس ماسک اور ہینڈ سینیٹائزز پولیس ملازمین دوران ڈیوٹی کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے استعمال کریں گے اور اس تعاون پر وہ تہہ دل سے مشکور ہیں۔