پٹرولیم اور صحت کے شعبوں میں اصلاحات کاعمل تیز کیا جائے: وزیراعظم

پٹرولیم اور صحت کے شعبوں میں اصلاحات کاعمل تیز کیا جائے: وزیراعظم

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے پٹرولیم اور صحت کے شعبوں میں اصلاحات کا عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اصلاحات کے ذریعے سہولیات کو بہتر بنا کر نظام میں موجود خامیاں دور کرنا چاہتی ہے۔تفصیلات کے مطا بق وزیراعظم عمران خان سے معاونین خصوصی ندیم بابر، عثمان ڈار اور انصاف ڈاکٹرز فورم کے وفد نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ معاون خصوصی ندیم بابر نے وزیراعظم کو پٹرولیم سیکٹر میں جاری اصلاحات کے عمل میں پیش رفت پر بریف کیا۔وزیراعظم نے شعبے میں بہتری اور عوام کو ریلیف میسر آسکنے سے متعلق ندیم بابر کو پٹرولیم سیکٹر میں ریفارمز کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس سے متعلقہ معاملات پر بریفنگ دی۔وزیراعظم نے ٹائیگر فورس سے مزید محاذوں پر قومی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ اور جلد خطاب کا فیصلہ کیا۔ ٹائیگر فورس سے کورونا وبا ء کیساتھ ساتھ ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے خدمات لی جائیں گی۔ وزیراعظم ٹائیگر فورس کو کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کریں گے۔عثمان ڈار نے وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا 1 لاکھ 65 ہزار رضا کارو ں نے دی گئی ذمہ داریوں کو سر انجام دیا۔ پنجاب سے 1 لاکھ 36 ہزار سے زائد نوجوانوں نے سرگرمیوں میں حصہ لیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان رضاکار مستقبل میں بھی قومی معاملات میں معاونت کریں گے۔ نوجوانوں کو قومی سطح پر خدمات کا بھرپور موقع دیا جائے۔دریں اثنا وزیرِ اعظم عمران خان سے انصاف ڈاکٹرز فورم کے وفد نے ملاقات میں کورونا صورتحال، روک تھام سے متعلق حکمت عملی، ڈاکٹرز، ہیلتھ کئیر سٹاف کے کردار پر بات چیت کی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ کورونا کیخلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور ہیلتھ کئیر سٹاف کی خدمات لائق تحسین ہیں، ماضی میں ہیلتھ سیکٹر کو نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے اب عام آدمی کوصحت کی معیاری سہولیات تک رسائی میں مشکلات ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی اصلاحات کا مقصد عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا اور نظام میں موجود خامیوں کی اصلاح ہے۔ ملاقات میں آئی ڈی ایف کی جانب سے وزیرستان میں ہسپتال کے قیام کی تجویز بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صحت کے شعبے میں اصلاحات کے لئے قائم ٹاسک فورس اس تجویز پر غور کرے گی۔وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرنیوالوں میں ڈاکٹر مدیر خان، ڈاکٹر سعید مصطفی، ڈاکٹر جواد واصف و دیگر شامل تھے۔ انصاف ڈاکٹرز فورم کے وفد نے شعبہ صحت میں موجودہ حکومت کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات پر اعتماد کا اظہار کیا۔بعد ازاں وزیراعظم عمران خان سے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، ممبران قومی اسمبلی سردار اسرار خان ترین، خالد مگسی، سینیٹرز انوارالحق، احمد خان اور تاج آفریدی بھی شریک تھے۔صوبہ بلوچستان کی مجموعی صورتحال، خصوصا کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات، صوبہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلقہ امور پر گفتگو کی گئی۔وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی سماجی و معاشی ترقی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے صوبائی حکومت کو ہر ممکنہ تعاون فراہم کیا جائے گا۔دریں اثناء تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے بھی وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی اور ملک کی سیاسی صورتحال سمیت کورونا وائرس اور ٹڈی دل کے خاتمے کے اقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم

مزید :

صفحہ اول -